دُبئی:تیز رفتار ڈرائیوروں کی شامت آنے والی ہے

تیز رفتاری کی صورت میں چند گھنٹوں کے اندر جرمانہ ایک لاکھ درہم تک بھی پہنچ سکتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 8 نومبر 2018 16:58

دُبئی:تیز رفتار ڈرائیوروں کی شامت آنے والی ہے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 نومبر2018ء) دُبئی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اہم شاہراہوں پر تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والے اب بھاری جرمانوں سے نہیں بچ سکیں گے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مملکت میں بہت سے ٹریفک حادثات رُونما ہوئے، اور زیادہ تر میں وجہ تیز رفتاری تھی۔ پولیس کی جانب سے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے ’’ہم آپ کو نصیحت کرتے ہیں کہ آپ قانونی حدِ رفتار میں رہ کر گاڑی چلائیں۔

‘‘ بُدھ کے روز صبح سات بجے سے صبح نو بجے تک کے صرف دو گھنٹوں کے دوران چار ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ جس کے باعث کئی مقامات پر لوگوں کو شدید ٹریفک جام کی اذیت سے دوچار ہونا پڑا۔ رواں سال کے دوران بھی اماراتی ڈرائیورز کو حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر ہزاروں درہم جُرمانے کی مد میں ادا کرنے پڑے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سال مجموعی طور پر دو لاکھ ساٹھ ہزار افراد کو مقررہ حدِ رفتار سے تجاوز کرنے پر جرمانے کے ٹکٹ تھمائے گئے۔

گزشتہ جولائی کے مہینے میں ایک غیر مُلکی سیاح نے کرائے پر سُپر کار حاصل کی اور کئی گھنٹے تک مسلسل طوفانی رفتار سے گاڑی چلاتا رہا، جس کے باعث اُسے شاہراہ کے ہر ریڈار نے خلاف ورزی کرتے نوٹ کیا۔ اس شخص پر چند گھنٹوں کے اندر ہی جرمانے کی مد میں ایک لاکھ ستّر ہزار درہم کی رقم بن گئی۔ اماراتی ٹریفک قانون کے مطابق اگر کوئی شخص حد رفتار سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کرتے ہوئے گاڑی چلاتا ہے تو اس صورت میں اُس پر ایک ہزار درہم کا جرمانہ ہو سکتا ہے، جب کہ کار بھی ضبط کر لی جائے گی۔

رواں سال جنوری سے جُون کے ابتدائی چھے ماہ کے دوران دُبئی پولیس نے 1,250 بڑے ایکسیڈنٹس ریکارڈ کیے جن کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوئے اور 884 کو معمولی اور شدید زخم آئے۔ جبکہ گزشتہ سال کے پہلے چھے ماہ کے دوران بڑے حادثات کی گنتی 1,447 ریکارڈ کی گئی تھی جن میں 76 افراد مارے گئے اور 996 زخمی ہوئے تھے۔ جبکہ اپنی لین اچانک بدل کر دُوسری لین میں جانے کی فاش غلطی کے باعث بھی درجنوں افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں اور سینکڑوں ہاتھ پیر تُڑوا بیٹھے ہیں۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں