دُبئی: فلپائنی خاتون سے جنسی چھیڑ چھاڑ پر سری لنکن باشندہ گرفتار

جنسی ہراسگی کا یہ واقعہ المرقبت کے علاقے میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 ستمبر 2018 11:56

دُبئی: فلپائنی خاتون سے جنسی چھیڑ چھاڑ پر سری لنکن باشندہ گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 ستمبر 2018ء) پولیس نے 28 سالہ فلپائنی خاتون سے جنسی چھیڑ چھاڑ کے الزام میں ایک سری لنکن باشندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق یہ واقعہ 17 جولائی 2018ء کی رات 10 بجے پیش آیا جب فلپائنی خاتون فارمیسی سے نکل کر اپنے گھر جا رہی تھی۔ اچانک ایک شخص اُس کا پیچھا کرنے لگا۔خاتون نے عدالت کو بتایا’’ایک سنسان مقام پر ملزم اچانک میرے قریب آیا اور میرے جسم کے مخصوص حصّوں پر ہاتھ پھیرنے لگا۔

میں اُس کی اس اچانک حرکت سے انتہائی خوفزدہ ہو گئی اور اپنے پاس موجود پلاسٹک بیگ اُسے مار کر پیچھے ہٹانے کی کوشش کی تو وہ پرے ہو کر چلنے لگا۔ میں نے اُسے پکڑ کر کہا، اب کہاں بھاگتے ہو، میں ابھی پولیس کو بُلاتی ہوں۔ لیکن اس نے مجھے گردن سے پکڑ کر پرے دھکیل دیا اور آگے آگے دوڑنے لگا۔

(جاری ہے)

پھر وہ ایک بلڈنگ میں جا کر وہاں موجود لفٹ میں سوار ہو گیا۔

مگر میں نے لفٹ کا بٹن دبایا تو اُس نے باہر آ کر مجھے دوبارہ گردن سے پکڑ لیا۔ وہاں موجود ایک عرب شخص نے اُسے ایسا کرنے سے روکا مگر اتنی دیر میں ملزم بلڈنگ میں غائب ہو گیا۔ اتنی دیر میں پولیس کو کال کر دی گئی اور اُنہیں اس شخص کے بارے میں اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور مجھے کہا کہ میں اس نامعلوم شخص کے خلاف جنسی ہراسگی کی شکایت درج کروا دوں۔

‘‘ ایک پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی رہائشی بلڈنگ میں موجود سیکیورٹی کیمروں کی مدد سے شناخت کی گئی تو بلڈنگ کے چوکیدار نے ملزم کا نام بتایا اور اُس کے فلیٹ کا نمبر دے دیا۔ملزم کی ایک دو دن نگرانی کی گئی تو ہمیں پتا چلا کہ اُسے کسی نے بتا دیا ہے کہ پولیس اُسے تلاش کر رہی ہے، لہٰذا اُس نے اپنا ٹھکانہ بدل لیا ہے۔ تاہم 19 جولائی کو ملزم پولیس اسٹیشن خود حاضر ہو گیا۔

اُس نے خاتون کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ دراصل اُسے خاتون پر اپنی ایک جاننے والی کا شُبہ ہوا تھا۔ پولیس نے اُسے گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے استغاثہ کے پاس بھجوا دیا۔ پولیس کو ملزم کے سپانسر نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے بھی اس قسم کی کئی مذموم حرکات میں ملوث رہا ہے، جن پر کمپنی انتظامیہ نے مداخلت کر کے اُس کی جان چھُڑوائی۔ تاہم پیشے کے اعتبار سے سیلز ایگزیکٹو ملزم نے عدالت میں اپنے خلاف عائد جنسی ہراسگی کے الزامات کو غلط قرار دے دیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 21 اکتوبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں