باڑہ گلی کے قریب کار پھسل کر کھائی میں گرنے سے کامسیٹس کے چار طالب علم شدید زخمی ہو گئے

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:20

ایبٹ آباد۔ 15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) نتھیاگلی سے ایبٹ آباد شہر آنے والی کار باڑہ گلی کے قریب جمی ہوئی برف سے پھسل کر کھائی میں گرنے کے نتیجہ میں کامسیٹس ایبٹ آباد کے چار طالب علم شدید زخمی ہو گئے جنہیں پولیس نے ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

نتھیا گلی سے ایبٹ آباد آنے والی جی ایل آئی کار نمبر اے جی سی 155- جسے کامسیٹس ایبٹ آباد کا طالب علم سید افغان شاہ ولد سید اعجاز شاہ ساکنہ ملکپورہ چلا رہا تھا، باڑہ گلی کے قریب چریاں روڈ پر جمی ہوئی برف سے پھسل کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں اس کے دیگر تین ساتھی رضوان ابراہیم جیلانی ولد ابراہیم شاہ جیلانی، سیف الله ولد عبد الوہاب، انیب ولد کلیم ساکنہ سلطان پور حویلیاں شدید زخمی ہو گئے۔

ایس ایچ او تھانہ بگنوتر قمر زمان اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر ایبٹ آباد ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا ہے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، حادثہ جمی ہوئی برف سے بریک کام نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں