ڈی آئی جی ہزارہ کا شاہراہ ریشم کی مرمتی کام کے دوران ٹریفک صورتحال کا جائزہ،ایس ایس پی ٹریفک وارڈن کو مزید ٹریفک نفری تعینات کرنے کی ہدایت

بدھ 14 اکتوبر 2020 17:59

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2020ء) : ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن قاضی جمیل الرحمن نے ایس ایس پی ٹریفک وارڈن ایبٹ آباد طارق محمود خان کے ہمراہ ایبٹ آباد میں شاہراہ ریشم پر جاری این ایچ اے کے مرمتی کام کے دوران ٹریفک سیٹھی مسجد تا منڈیاں ٹریفک صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی ہزارہ قاضی جمیل الرحمن نے اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک وارڈن کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شاہراہ ریشم کے مرمتی کام کی وجہ سے ٹریفک کی روانگی میں خلل پیدا ہورہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،ٹریفک پلان مزید موثر بنانے کیلئے ٹریفک کی مزید نفری تعینات کی جائے اور ایبٹ آباد تا منڈیاں روڈ پر واقع تمام غیر قانونی پارکنگ ختم کی جائے تاکہ ٹریفک روانی میں خلل پیدا نہ ہو،جہاں سے ٹریفک ایک ہی سائیڈ پر چل رہی وہاں پر گاڑیوں کی ڈبل لین نہ بننے دی جائے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ہزارہ نے مزید کہا کہ این ایچ اے کے افسران سے میٹنگ کرکے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے کہ جس سے شاہراہ ریشم پر جاری مرمتی کام کے ساتھ ٹریفک کی روانی بھی جاری رہے۔ٹریفک اہلکار ایمبولینس اور ریسکیو گاڑیوں کو ٹریفک جام سے نکالنے کیلئے خصوصی انتظامات کریں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ نے ٹرانسپورٹرز کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں سے خصوصی تعاون کریں۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی لین کا خیال رکھے اور اوور ٹیکنگ اور اوو سپیڈنگ سے گریز کریں تاکہ مزید ٹریفک مسائل پیدا نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں