اٹک، پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

اتوار 18 اگست 2019 15:45

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے ایک اہم تقریب گورنمنٹ کامرس کالج اٹک میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی تھے ۔ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عثمان صدیقی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے کالج کے سبزہ زار میں مختلف اقسام کے پودے لگائے ۔

اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ درخت لگانا صدقہء جاریہ اور سنت نبوی ہے، آج پورے ملک میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر پلانٹ فار پاکستان ڈے منایا جارہا ہے جس میں مون سون کی شجر کاری مہم کے دوران ملک بھر میں پودے لگائے جائیں گے اور اس ضمن میں خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، آج اٹک میں اسی حوالے سے شجر کاری کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان کے حوالے سے آج ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، سول ڈویثرنز میں 13500 ،ماس پلانٹیشن کے تحت 18000،فری ڈسٹر بیوشن کے تحت122000 اور دوسرے محکموں کی نگرانی میں 20000 پودے لگائے جائیں گے۔ اس کے علا وہ ان تمام پودوںکی دیکھ بھال اور افزائش کا بھی مناسب انتظام کیا جائے گا۔ ڈی سی اٹک نے کہا کہ اس مہم کا سب سے اہم مقصد ارض پاک کو سر سبز و شاداب بنانا ہے تاکہ ملک سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم موقع پر عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ اس مہم میں تعاون کر یں تاکہ ملک پاکستان کو خوب صور ت بنایا جاسکے۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک عشر ت اللہ خان نیازی نے کہا کہ اٹک میں مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح یکم اگست سے کر دیا گیا ہے اور اس مہم کا نام 10بلین ٹری سونامی پرو گرام 2019 ہے۔اس اہم پروگرام کے تحت ضلع اٹک میں تین لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے اور بعد میں ان کی دیکھ بھا ل اور مکمل آڈٹ کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں خوشگوار ماحول کے لیے 33% رقبے پر درخت ضروری ہیں ،جب کی پاکستان میں صرف5.1% رقبے پر درخت موجود ہیں ، جو انتہائی کم ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی شر کت سے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ اس موقع پر ڈی سی اٹک نے متعلقہ افسران کو گورنمنٹ کامرس کالج کے خالی رقبے پر وسیع پیمانے پر شجرکاری کی ہدایات جاری کیں۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں