قانون خواجہ سراؤں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے، ڈی پی او

جمعرات 27 فروری 2020 19:28

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ قانون خواجہ سراؤں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے،معاشرے میں اس طبقے کو محروم سمجھا جاتا ہے،اٹک ضلع میں اگر کسی خواجہ سرا کو جسمانی تشدد سمیت کسی قسم کے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے تو وقوعہ کی ایف آئی آر فوری درج ہو گی،ملزمان فوری گرفتار ہوں گے،سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہو گی،ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈی پی او نے کہا کہ خواجہ سراؤں کے جان ومال اور عزت و آبرو کا تحفظ بھی قانون کی نظر میں یکساں ہیں،جس پر عمل در آمد ناگزیر،ضروری بلکہ بہت ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تما م تھانوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ اگر کسی خواجہ سرا ء کے ساتھ کسی قسم کی قانون شکنی،جسمانی یا کسی قسم کے تشدد کی شکائت موصول ہو تو اس پر قانون کے عین مطابق فوری کارروائی کی جائے،انہوں نے کہا کہ بسا اوقات خواجہ سراء اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کی شکائت لے کر تھانے جاتے ہیں تو ایس ایچ او یا پولیس افسران ان کی بات اس توجہ سے نہیں سنتے جس کے وہ مستحق ہیں،اگر میرے نوٹس میں یہ بات آئی کہ کسی خواجہ سراء کو تھانوں یا پولیس افسران کے دفاتر میں تضحیک یا مزاح و مذاق کا نشانہ بنا کر ان کی عزت نفس کو مجروع کرنے کی کوشش کی گئی ہے تو ذمہ دار پولیس افسران کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی ہو گی،ڈی پی او نے کہا کہ کسی خواجہ سراء کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی کا واقعہ براہ راست میرے نوٹس میں لایا جائے،میں اس کے تدارک کے لئے قانونی اقدامات کی خود مانیٹرنگ کروں گا،ڈی پی او نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب یکساں ہیں ہمارے لئے ہر وہ شخص محترم ہے جو قانون پسند ہے اور پولیس کی ہر اس شخص سے دشمنی ہے جو بالواسطہ یا بلا واسطہ قانون شکنی کا مرتکب ہوتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں