بدین ،3بچوں کی ماں کو بھائی کے مبینہ تشدد کے بعد خاموشی سے دفنانے کا انکشاف

نواحی علاقے لنواری شریف کی رہائشی 34 سالہ انا انڑ زوجہ غلام مصطفیٰ انڑ کو بھائی کی طرف سے7 ماہ قید میں رکھ کر بدترین تشدد بنایاگیا،خاتون نے حیدرآباد کے ہسپتال میں دم توڑ ا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 5 اپریل 2024 12:35

بدین(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اپریل2024 ء) بدین کے نواحی علاقے لنواری شریف کی رہائشی 3 بچوں کی ماں کو بھائی کے مبینہ تشدد کے بعدخاموشی سے دفنانے کا انکشاف ہوا ہے،بھائی کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی انا کو علاقہ مکین نے ہسپتال پہنچایا اور وہ وہیں پر دم توڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق آج نیوز کا کہنا ہے کہ ضلع بدین کے نواحی علاقے لنواری شریف کی رہائشی تین بچوں کی ماں 34 سالہ انا انڑ زوجہ غلام مصطفیٰ انڑ کو اپنے بھائی کی طرف سے سات ماہ قید میں رکھ کر بدترین تشدد کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، خاتون نے حیدرآباد کے ہسپتال میں دم توڑ دیا ہے جبکہ لاش کو خاموشی سے دفنانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

انا کو اس کے آبائی قبرستان لنواری شریف میں رات کے اندھیرے میں اس کا شوہر غلام مصطفی انڑ 24 مارچ کو خاموشی کے ساتھ دفنا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مرنے سے پہلے خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ دادو کا رہائشی خادم انڑ اسے 7 ماہ تک جسمانی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا اور تشدد بھی کرتا رہا جس کے بعد خادم انڑ اسے حیدرآباد میں راستے پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔تمام تر واقعہ کا انکشاف گزشتہ رات اس وقت ہوا جب تدفین کے وقت موجود ایک علاقہ مکین نے تدفین ہوتے ہوئے دیکھی اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تدفین کی بات منظر عام پر لے آیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی بدین نے کہا ہے کہ واقعے کا علم سوشل میڈیا سے ہوا ہے جبکہ خاتون حیدرآباد میں جاں بحق ہوئی، قبر کشائی کیلئے عدالت سے رجوع کرکے تفتیش شروع کی جائے گی۔یاد رہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب مبینہ طور پر بھائی اور والد نے ماریہ کو قتل کرکے خاموشی سے رات کے وقت تدفین کردی تھی۔قتل کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ملزم فیصل کو تکیے سے ماریہ کا سانس روکتے دیکھا جا سکتا تھا جبکہ عبدالستار ان کے پاس ہی بیٹھا ہے اور قتل کے بعد فیصل کو پانی پیش کرتا ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھاجبکہ قبر کشائی کے ذریعے ماریہ کی لاش سے نمونے حاصل کئے گئے تھے۔ عدالت نے ملزمان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق مقتولہ ماریہ کے گلے کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں۔اس کے علاوہ جسم کے کئی حصوں پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔مقتولہ کے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے نمونے فرانزک لیب کو بھیجوا دئیے گئے تھے۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کیس کو ہائی پروفائل قرار دیا تھا۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈی پی او، ایس پی اور ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر یکم اپریل کو طلب کیا تھا۔

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں