(ن) لیگ کے اقتدار میں رہنے تک جنوبی پنجاب کی حالت تبدیل نہیں ہو گی‘ پیپلز پارٹی عوام کو کسی بھی صورت تنہاء نہیں چھوڑے گی سیاسی منصوبوں میں قومی سرمائے کے ضیاع کو بے نقاب عوام و دشمن پالیسیوں کے کیخلاف سخت جارحانہ رویہ اختیار کیا جائیگا

سابق گورنر پنجاب و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء مخدوم سید احمد محمودنے پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو مسترد کر دیا

منگل 14 جون 2016 17:56

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جون ۔2016ء) سابق گورنر پنجاب و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء مخدوم سید احمد محموداور پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین نے صوبائی حکومت پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ تخت لاہورکے حکمرانوں نے غریب مکاؤ پالیسیوں پر گامزن رہتے ہوئے بجٹ میں صحت، تعلیم اور روز مرہ استعمال کی اشیاء میں ہوشرباء اضافہ کر کے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

مہنگائی کے طوفان میں موجودہ حکومت کا صوبائی بجٹ غریب متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید پریشانیوں کا سبب ثابت ہو گا انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جنوبی پنجاب اور غریب آدمی کے لیے کچھ نہیں ہے 16 گھنٹے کے لوڈشیڈنگ کے ساتھ چند ہزار ملازمتوں میں اضافے کا اعلان شیخ چلی کا خواب ہے۔

(جاری ہے)

(ن) لیگ کے اقتدار میں رہنے تک جنوبی پنجاب کی حالت تبدیل نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے دعویداروں کی حکومت کے 3 سالوں میں ملکی اور غیر ملکی قرضوں میں 6300 ارب روپے اضافہ ہوا۔ ملکی قرضوں میں 4100 ارب اور غیر ملکی قرضوں میں 2200 ارب اضافہ ہوا۔ مجموعی قرض 21000 ارب کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس پر نوازشات کر کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا 42 کروڑ 38 لاکھ روپے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ 14 کروڑ 84 لاکھ گورنر ہاؤس کے لیے مختص کیے گئے جبکہ اعلیٰ حکومتی شخصیات کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر کے اخراجات میں 129.57 فیصد اضافہ پنجاب کے عوام کی خوشحالی ترقی اور انہیں ریلیف دینے کے دعویداروں کی حقیقت کا مظہر بجٹ کسی بھی طرح عوامی امنگوں کا ترجمان نہیں ہو سکتا۔

بلکہ یہ غریب متوسط طبقے کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کے عوام دشمن وفاقی بجٹ کی طرز پر بنائے جانیوالے صوبائی حکومت پنجاب کے بجٹ کو بھی مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ مرکز اور پنجاب کی حکومتوں نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی عوام کو کسی بھی صورت تنہاء نہیں چھوڑے گی سیاسی منصوبوں میں قومی سرمائے کے ضیاع کو بے نقاب عوام و دشمن پالیسیوں کے کیخلاف سخت جارحانہ رویہ اختیار کیا جائیگا۔ ملک میں مہنگائی اور بیروز گاری میں بے تحاشاء اضافہ ہو چکا ہے۔ حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی اب ہر فورم پر حکمرانوں کو ٹف ٹائم دینگے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں