بہاول پور، رواں سال سول ہسپتال میں 6لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں،ڈاکٹر محمد راشد خان

ہسپتال کے وارڈزمیں داخل 21ہزار سے زائدمریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں ،ڈیڑھ لاکھ افراد کو ایمرجنسی طبی سہولیات فراہم کی گئیں، لیبارٹری میں 3لاکھ 75ہزار افراد کی بیماریوں کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کئے گئے،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال

بدھ 19 ستمبر 2018 21:50

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال بہاول پور ڈاکٹر محمد راشد خان نے بتایا ہے کہ رواں سال کے دوران سول ہسپتال میں 6لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ بات انہوں نے سول ہسپتال بہاول پور کی کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں بتائی۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کے وارڈزمیں داخل 21ہزار سے زائد مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں جن میں مفت ادویات، بیماریوں کی تشخیص کے لئے مفت ٹیسٹ ودیگر سہولیات شامل تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو ایمرجنسی طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور ایمرجنسی وارڈ میں علاج معالجہ کی سہولیات سے مستفید ہونے والوں کی تعداد9ہزار سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد راشد خان نے بتایا کہ ہسپتال کی پتھالوجی لیبارٹری میں 3لاکھ 75ہزار افراد کی بیماریوں کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 9ہزار افراد کا ای سی جی، 17ہزار افراد کو ایکسرے اور37ہزار افراد کا الٹراسائونڈ کیا گیا۔

ایم ایس ڈاکٹر محمد راشد خان نے بتایا کہ سول ہسپتال میں 5ہزار افراد کے انتہائی پیچیدہ کامیاب آپریشنز کئے گئے جبکہ سول ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولت سے 9ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں جدید سٹی سکین کی سہولت سے 1700افراد مستفید ہوئے۔ایم ایس سول ہسپتال نے کارکردگی رپورٹ میں بتایا کہ ہسپتال میں گزیٹڈ ، نان گزیٹڈ اور بورڈ آف مینجمنٹ کی منظورشدہ سیٹوں کی تعداد 1038ہے جن کے عوض 621سیٹوں پر خدمات سرانجام دی جا رہی ہیں جبکہ 416سیٹیں خالی پڑی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزیٹڈ پوسٹوں میں 387پر خدمات سرانجام دی جا رہی ہیں جبکہ 332سیٹیں خالی ہیں۔ اسی طرح نان گزیٹڈ پوسٹوں میں 332پوسٹوں پر خدمات سرانجام دی جا رہی ہیں جبکہ 78پوسٹیں خالی ہیں۔اسی طرح بورڈ آف مینجمنٹ کی سیٹوں میں 7سیٹیں خالی ہیں جبکہ 2سیٹوں پر خدمات سرانجام دی جا رہی ہیں۔ایم ایس سول ہسپتال نے بتایا کہ سول ہسپتال کاسنٹرل ایئر کنڈیشننگ سسٹم مکمل طور پر فعال ہے اور ہسپتال کے تمام وارڈز و شعبہ جات میں ایئر کنڈیشننگ کی سہولت موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایئر کنڈیشننگ مشینری کی مرمت و بحالی اور سروس معمول کا کام ہے جو سارا سال جاری رہتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ایئر کنڈیشننگ کی سہولت مکمل طور پر فعال ہے اور مریض اور ان کے لواحقین اس سہولت سے بھرپور استفادہ اٹھا رہے ہیں۔ڈاکٹر محمد راشد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سول ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنا کر دم لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ترکش طبی ماہرین نے سول ہسپتال کے دورہ اور مکمل معائنہ کے بعد اپنی ایویلیو ایشن رپورٹ میں سول ہسپتال بہاول پور کو صوبہ کا دوسرا بہترین ہسپتال قرار دیا ہے۔ایم ایس نے بتایا کہ ہسپتال میں 3فارمیسیاں ہیں اور ہر او پی ڈی کے ساتھ علیحدہ فارمیسی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ ایمرجنسی وارڈ کی فارمیسی مکمل طور پر علیحدہ رکھی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال بہاول پور میں کینسر کے مریضوں کو بھی مفت طبی سہولیات اور ادویات فراہم کرنے کی سہولیات موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو پینے کے صاف پانی کی سہولت کی فراہمی کے لئے واٹرفلٹریشن پلانٹ لگایا گیا ہے جبکہ نماز پنجگانہ کی ادائیگی کے لئے علیحدہ ایک خوبصورت وسیع و عریض مسجد بھی تعمیر کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ڈینٹل،فزیو تھراپی، پین کلینک اور ڈے کیئر سرجری کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کا کالج آف فزیشن اینڈ سرجن سے الحاق کیا گیا ہے تاکہ میڈیکل کے طلبہ اعلیٰ طبی تعلیم کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور طلبہ کو اس ہسپتال کے ذریعہ آن جاب ٹریننگ میسر آ سکے۔انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال بہاول پور کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے بھی منسلک کرنے کا کام آخری مراحل میں ہے۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد راشد خان نے بتایا کہ شعبہ بیرونی مریضان کے مریضوں کو 14مختلف شعبہ جات میں سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ ہسپتال میں شعبہ بیرونی مریضان صرف 2شعبہ جات گائنی اور پیڈز کے لئے شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال اپنی جیوگرافیکل لوکیشن کی وجہ سے مرکزی شاہراہ پر ہونے والے حادثات کو میڈیکل کور مہیا کر سکتا ہے جس کے لئے سول ہسپتال میں ٹراما سنٹر بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہاول پور اور کراچی کے ایل پی روڈ پر ہونے والے حادثات کو کم فاصلہ ہونے کی وجہ سے بہترین انداز میں میڈیکل کور مہیا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شعبہ ایمرجنسی ، میڈیسن ، سرجری، پتھالوجی، ریڈیالوجی کی ایس ایم ای منظوری کے لئے حکومت کو بھجی گئی ہیں جن کی منظوری کے بعد سول ہسپتال میں ان شعبہ جات میں طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں