محرم الحرام کے ایام میں مثالی امن وبھائی چارہ کی فضا برقرارر کھنے میں امن کمیٹی اپنا فعال کردار ادا کرے‘ڈی سی او

بدھ 30 ستمبر 2015 21:53

بہاولپور ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے ایام میں مثالی امن، اتحاد و یگانگت، بھائی چارہ کی فضا برقرارر کھنے میں ممبران ضلعی امن کمیٹی اپنا فعال کردار ادا کریں۔وہ سرکٹ ہاؤس میں امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈی پی او سرفراز فلکی، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پی،متعلقہ محکموں کے افسران اور ممبران امن کمیٹی موجود تھے۔

ڈی سی او نے کہا کہ محرم کے دنوں میں صبروتحمل، محبت اور امن کی صورتحال ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی تاکہ تمام مکاتب فکر کے لوگ سکون سے عبادت کر سکیں۔انہوں نے علماء کرام کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں امن واک کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ دنیا کو یہ پیغام مل سکے کہ یہ قوم متحد ہے اور تمام علماء کرام، تاجران اور لوگ ملکی یکجہتی سے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امن و امان کے قیام کے لئے علما کرام اور تاجران کے مثبت کردار کو سراہا۔ڈی سی او نے کہا کہ منبر و محراب سے علماء کرام امن اور بھائی چارہ کا درس دیں۔انہوں نے ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ یکم محرم الحرام سے قبل محرم روٹس کی مرمت ، لائٹس کی تنصیب اور دیگر ترقیاتی کام مکمل کر لئے جائیں۔ڈی پی او سرفراز فلکی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ تحصیل اور تھانہ کی سطح پر امن کے قیام کے لئے اجلاس منعقد کریں۔ڈی پی او نے محرم الحرام کے دنوں میں امن کے قیام کے لئے علماء کرام اور انجمن تاجران کے نمائندگان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام جلوس و مجالس مقامات پر پولیس فورس تعینات کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محرم کے دنوں میں ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی پی او نے کہا کہ محرم روٹس میں آنے والے مکانات، دوکانات وغیرہ سے کسی مسلک کے علماء کی ایسی کیسٹ چلانے کی ہرگز اجازت نہ ہو گی جس سے فساد پیدا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ وال چاکنگ کی ممانعت ہے اور تمام جلوس و مجالس مقررہ اوقات پر اختتام پذیر ہوں۔انہوں نے کہا کہ شرکاء محرم جلوس ومجالس کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے گی تاکہ شرپسند عناصر جلوس میں شامل نہ ہونے پائیں۔

قبل ازیں ممبران ضلعی امن کمیٹی عبد الرزاق شائق، علامہ ریاض احمد اویسی، سید حسنین عسکری، ساجد عباس، حافظ محمد یونس، سید زمرد حسین بخاری کے نمائندہ، محمد جاوید کریم، سید اسرار شاہ، اسلم قریشی، جاوید حسین جعفری، مفتی گلزار، سید ذوالفقار شاہ، ناصر کوچی نے اپنے اپنے خطاب میں محرم الحرام کے ایام میں امن وامان کے قیام کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ممبران ضلع امن کمیٹی نے محرم کے دنوں میں امن کے قیام کے لئے تجاویز پیش کیں۔علماء کرام نے کہا کہ اس سال بھی قافلہ سفیران امن ضلع کی تمام تحصیلوں میں جا کر امن کا پیغام دے گا۔بعد ازاں پروفیسر مظفر علی ظفر نے ملکی سلامتی ،ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کرائی۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں