محرم کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس ہمہ وقت تیار اور چوکس ہے،گوہر مشتاق بھٹہ

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 21:32

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء) محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے بہاولپور پولیس ہمہ وقت تیار اور چوکس ہے۔ موجودہ ملکی صورتحال اور آپریشن ضربِ عضب کے بعد کسی بھی ممکنہ ردِعمل کے پیش نظر پولیس کی ذمہ داریوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے اور ہم دستیاب وسائل میں بہتر سے بہتر کارکردگی ادا کریں گے ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر گوہر مشتاق بھٹہ نے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے موقع پرسکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے حساس مقامات ،مجالس ،جلوس کی گزرگاہوں کی مکمل نگرانی سی سی ٹی وی کیمرہ جات کے زریعے کی جائے گی اور سنیفر ڈاگ کی مدد سے مجالس اور جلوس کی گزرگاہوں کواچھی طرح چیک کیا جائے گااور انکی حفاظت کے لیے چار حصاری سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کسی بھی شخص کو جلوس ،مجالس میں داخلے سے پہلے چار مختلف مقامات پرروک کر چیک کیا جائے گا ،جلوس اور مجالس کے مقام سے ملحقہ گلیوں،شاہراوں کو سکیورٹی کے پیشِ نظرمتعلقہ اوقات میں مکمل طور پر بند کردیا جائے گا۔

ریجن بھر کے تمام داخلی خارجی راستوں پر ناکہ بندی پوائنٹس لگائے گئے ہیں جو مختلف شفٹوں میں چوبیس گھنٹے اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور شہروں میں داخل اور باہر جانے والی گاڑیوں کو مکمل تلاشی کے بعد آنے جانے دیا جائے گا۔بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔محرم الحرام کے موقع پر ریجن بھر میں62اے کیٹگر ی،91بی کیٹگری اور 1257سی کیٹگری کی ٹوٹل 1410مجالس منعقد ہوں گی جنکی حفاظت کے لیے 8جی او،21انسپکٹرز، 188سب انسپکٹرز،183اسسٹنٹ سب انسپکٹر،255ہیڈ کانسٹیبل،2153کانسٹیبلز ٹوٹل 2808 پولیس اہلکار کے علاوعہ 1235پولیس رضاکار،1763سپیشل پولیس،2383رضاکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

جبکہ 516جلوس ہائے میں سے 50اے کیٹگری،62بی جبکہ 404سی کیٹگری کے جلوس نکالے جائیں گے جنکی سکیورٹی کے لیے18جی اوز،48انسپکٹرز،315سب انسپکٹرز،410اسسٹنٹ سب انسپکٹرز،431ہیڈ کانسٹیبلز،3293کانسٹیبلزکے علاوعہ1600پولیس رضاکار،1493سپیشل پولیس اور1693رضاکارسکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان آرمی کی 09 اور رینجرز کی 11کمپنیاں ، پنجاب کانسٹیبلری کی 70پلاٹون اور ایلیٹ فورس کی 35ٹیم کی ڈیمانڈ بھی کی گئی ہے۔

مجالس اور جلوس کی مانیٹرنگ کے لیے ریجن کے تینوں اضلاع اور ریجن آفس میں ڈی ایس پی لیگل کی زیر نگرانی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں جو محرم الحرام کے دنوں میں چوبیس گھنٹے کام کریں گے۔ محرم الحرام میں امن و امان کی فضاکو برقرار رکھنے کے لیے ریجن بھر میں 67علماء کی زبان بندی جن میں 21اہل تشیع،44دیوبند،01اہل حدیث،01بریلوی علماء ،جبکہ 155علماء کے ریجن میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جن میں اہل تشیع کے 49، دیو بند کے 97، اہل حدیث05، بریلوی 04علماء شامل ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں