آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، اساتذہ کی صف بندیوں میں ڈرامائی تبدیلی سامنے آ گئی

پاسبان اساتذہ پینل سابق روائتی تنظیموں کو ٹف ٹائم دینے کیلئے پرعزم ہے، صدارتی امیدوار شاہ خالد اخون خیل

جمعہ 19 جولائی 2019 13:08

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، بٹگرام کی مقامی سطح پر اساتذہ کی صف بندیوں میں ڈرامائی تبدیلی سامنے آ گئی، پاسبان اساتذہ پینل سابق روائتی اساتذہ تنظیموں کو ٹف ٹائم دینے کیلئے پرعزم ہے، مختلف یونین کونسلوں سے متعدد اساتذہ نے پاسبان اساتذہ پینل میں شمولیت اختیار کر لی ہے، پاسبان اساتذہ پینل کی مقبولیت کے چرچے عام ہو گئے ہیں، روایتی اساتذہ تنظیموں سے وابستہ امیدواران پریشان ہیں، پاسبان اساتذہ کے صدارتی امیدوار اپنے پینل کی جیت کے لئے پرعزم ہیں، 26 ستمبر کا سورج ہماری جیت کی نوید لیکر طلوع ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کیلئے پاسبان اساتذہ کے نام سے نئے پینل کے صدارتی امیدوار شاہ خالد اخون خیل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آل ٹیچرز ایسوسی ایشن انتخابات قریب آتے ہی ضلع بٹگرام میں بھی انتخابی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے، اساتذہ کی سابق روایتی تنظیموں کو ٹف ٹائم دینے کیلئے پاسبان اساتذہ کے نام پر نیا پینل سامنے آ گیا ہے، مقامی سطح پر ڈرامائی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں پاسبان اساتذہ تنظیم نے متفقہ طور پراپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔

صدارت کا تاج شاہ خالد اخون خیل کے سر جبکہ جنرل سیکرٹری شپ کی نشست تحصیل الائی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح تحصیل صدارت کیلئے عبدالسلام اور تحصیل جنرل سیکرٹری شپ کیلئے اسحاق شاہ کا نام فائنل ہو گیا ہے، (آج) جمعہ کو تمام امیدواران کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے پاسبان اساتذہ پینل میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ان کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات ظاہر کر دی ہیں۔

پاسبان اساتذہ پینل میں شمولیت اختیار کرنے والے اساتذہ کا تعلق یونین کونسل کوزہ بانڈہ سے بیلہ دولت خان، خیر آباد، میران، بلندکوٹ، سیدڑہ، یونین کونسل ترند سے پیرہاڑی، گھڑی نواب سید، یونین کونسل بانیاں سے گھڑنگ بھٹیاں، ٹکری اور دیگر علاقوں سے ہیں۔ پاسبان اساتذہ کے صدراتی امیدوار شاہ خالد اخون خیل، تحصیل جنرل سیکرٹری اسحاق شاہ نے ان کے گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے اساتذہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاسبان اساتذہ تمام کیڈرز کے اساتذہ کا متفقہ پینل ہے جس میں بلا تفریق اساتذہ کی حقوق کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ برادری کو درپیش مشکلات کو دور کرانا اور تعلیمی نظام کو ٹھیک کرانا ہمارے پینل کا منشور ہے، یہی وجہ ہے کہ بٹگرام کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ جوق در جوق ہمارے پینل میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ہیں، انشاء الله 26 ستمبر کو جیت ہماری ہو گی۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں