ڈی پی او بٹگرام نے آتش بازی، چائنہ پٹاخے اور ہر قسم کی بارودی مواد کی دکانوں کو فوری سیل کر نے کا حکم دیدیا

منگل 4 دسمبر 2018 16:30

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) ڈی پی او بٹگرام نے تھانہ بنہ الائی میں کھلی کچہری کے دوران آتش بازی، چائنہ پٹاخے اور ہر قسم کی بارودی مواد کی دکانوں کو فوری طور پر سیل کر نے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ڈی پی او بٹگرام عبدالرئوف بابر قیصرانی نے تھانہ بنہ الائی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ڈی پی او بٹگرام عبدالرئوف بابر قیصرانی، ایس ڈی پی او سرکل الائی غلام محمد خان، اے سی سرکل الائی شبیر احمد، تحصیل ناظم سرکل الائی گوہر علی خان، ایس ایچ او بنہ نثار احمد و دیگر پولیس افسران سمیت علماء کرام، سیاسی نمائندگان، پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران، ڈی آر سی کے ممبران، صدر بازار، میڈیا کے نمائندوں اور علاقہ مشران و عوام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دوران کھلی کچہری معززین علاقہ نے مختلف مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔ ڈی پی او بٹگرام عبدالرئوف بابر قیصرانی نے تمام مسائل سننے کے بعد پولیس سے جوڑے ہوئے تمام مسائل کو موقع پر حل کیا اور باقی مسائل جو مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھتے تھے، کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ہوائی فائرنگ کے حوالہ سے عوام کو مطلع کیا کہ ہر قسم کی فائرنگ اور آتش بازی پر مکمل پابندی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ایس ایچ او کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ آتش بازی، چائنہ پٹاخے اور ہر قسم کی بارودی مواد کی دکانوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے، منشیات فروشوں، مجرمان اشتہاری، ہوائی فائرنگ، آتش بازی، بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں، کمسن ڈرائیوروں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف مقامی پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بآسانی عمل میں لائی جا سکے۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ معزیزین علاقہ کے عزت نفس کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کیا جا سکے، پولیس کے پاس آنے والے سائلین اور مظلومین کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے جبکہ جرائم کی روک تھام کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی بھی وقت ان کے ذاتی موبائل نمبر 0333-9500473 پر براہ راست اپنے مسائل، تجاویز یا انفارمیشن بذریعہ کال یا ایس ایم ایس بھیج سکتے ہیں۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں