ٹنڈول میں بااثر شخص نے بیوہ کو بچوں سمیت گھر سے بے دخل کر دیا، خاتون یتیم بچوں کے ہمراہ بھیک مانگنے پر مجبور

جمعرات 29 نومبر 2018 19:16

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2018ء) الائی کے علاقہ ٹنڈول میں بااثر شخص نے بیوہ خاتون کو بچوں سمیت گھر سے بے دخل کر دیا، بیوہ خاتون اپنے یتیم بچوں کے ہمراہ بھیک مانگنے پر مجبور ہو گئی، ملزمان نے پہلے بیوہ عورت کے خاوند کو انتہائی بے دردی سے قتل کیا اور اب ان کی جائیداد پر قابض ہونے کیلئے بے سہارا بیوہ کو بچوں سمیت قتل کرنے کی دھمکیاں دینے لگے، بیوہ خاتون نے با اثر ملزمان سے تحفظ اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بٹگرام کی تحصیل الائی کے علاقہ ٹنڈول کی رہائشی بیوہ محمد عمران نے اپنے یتیم بچوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے خاوند محمد عمران کو چار ماہ قبل اس کے سوتیلے بھائیوں محمد ولی اور باز نے بے دردی سے قتل کر کے میرے معصوم بچوں کو باب کے سایہ سے محروم کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دونوں وحشی ملزمان قتل کے جرم میں گرفتار ہو چکے ہیں مگر ملزمان کے بیٹوں نے ہم پر زندگی تنگ کر دی ہے، روزانہ جان سے مارنے کی دھمکیوں سے تنگ آ کر ہم نے اپنا گھر بار چھوڑ دیا اور اپنی جان بچانے کی خاطر گائوںسے نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

بیوہ خاتون کا کہنا ہے کہ میرے خاوند کے سوتیلے بھائیوں کی نظر ہماری محنت مزدوری سے کمائی ہوئی دولت پر تھی، اسی وجہ پر ملزمان نے میرے خاوند محمد عمران کو قتل کیا، اب میرے چھوٹے چھوٹے بچے بھیک مانگنے پر مجبور ہو گئے ہیں، میرے خاوند کو قتل کرنے والے ملزمان پیسوں کے زور پر جیل سے آزاد ہونا چاہتے ہیں، بٹگرام کی ماتحت عدلیہ سے ملزمان کی ضمانت خارج ہو چکی ہے، اب مقدمہ ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ میں زیر سماعت ہے، وہ اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کرتی ہیں کہ انہیں اور ان کے یتیم بچوں کو انصاف فراہم کیا جائے بصورت دیگر وہ اپنے بچوں کے ہمراہ خود سوزی پر مجبور ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں