حکومت ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنائیں ،،مابت کاکا

اسد خان اچکزئی فکر باچاخان کا پر چارک اور عوامی نیشنل پارٹی کے ذمہ دار سیاسی کارکن ہیں ان کا اغواء ہر لحاظ سے قابل گرفت اور قابل مذمت عمل ہے، اپنے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوں کا خطاب

اتوار 11 اکتوبر 2020 22:25

چمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنائیں ، اسد خان اچکزئی فکر باچاخان کا پر چارک اور عوامی نیشنل پارٹی کے ذمہ دار سیاسی کارکن ہیں ان کا اغواء ہر لحاظ سے قابل گرفت اور قابل مذمت عمل ہے پارٹی کے کارکنوں کو اس طرح کے ہتھکنڈوںسے مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہم اپنے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ، فوری طو رپر اسدخان اچکزئی کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری بریگیڈئیر سلیم خان ، صوبہ پشتونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری رحمت علی خان ، عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے صدرایوب خان اشاری، رکن صوبائی اسمبلی نثار خان مومند،دھرنے کے کنوینئر امجدخان ایڈووکیٹ ، ضلع قلعہ عبداللہ کے صدر خان محمد کاکڑ ، پشتونخوا میپ کے صلاح الدین ، جمعیت علماء اسلام کے مولوی خیر محمد ، عبدالولی خان ڈاکٹر منان نور باچا فضل محمد دادشاہ پڑواک صاحب جان اور دیگر نے ڈی سی کمپلیکس مال روڈ پر پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسدخان اچکزئی کی بازیابی کے لئے دیئے گئے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ عرصہ دراز سے پشتونوں کی سرزمین پر خوف وحشت غالب کر کے انہیں ذہنی کوفت میں مبتلا کرنے کے حربے تواتر سے جاری ہیں پشتونوں کی اجتماعی قومی نفسیات امن پر مبنی ہیں پشتون امن چاہتے ہیں لیکن کچھ قوتیں اپنے مذموم مقاصد کے لئے پشتون سرزمین پر جنگ اور لاقانونیت مسلط کرنا چاہتے ہیں اس وقت دنیا اکیسویں صدی میں جی رہی ہے مگر پشتونخوا وطن میںآ ج بھی لوگ صحت ، تعلیم ، صاف پانی اور دیگر سہولیات سے محروم ہیں کیونکہ ان کے لئے ایسے حالات بنادیئے گئے ہیں وہ دیگر سہولیات اور مسائل کو بھول کر فقط امن مانگنے پر مجبور ہیں امن ہوگا تو ترقی اورخوشحالی ہوگی اور اگر بدامنی اورلاقانونیت کاراج ہوگا تو اس سے لوگوں کے معاشی اورمعاشرتی حقوق پر بھی ضرب پڑے گی اور خود حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھتے رہیں گے۔

انہوںنے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے فخر افغان باچاخان اور ان کے رفقاء کار سے لے کر پارٹی کی موجودہ قیادت تک ہمارے قائدین ،رہنمائوں اور کارکنوں نے ہر طرح کے مصائب اور مشکلات کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ہم اپنے مقصد اور اپنی فکر سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے نہ کبھی اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹیں گے ہم امن ، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور آئین وقانون کی عملداری میں جمہوریت کا استحکام ، جمہوری اداروں کی مضبوطی ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، میڈیا کی آزادی اور آزادی اظہار رائے اور تحریر و تقریرکی آزادی کو یقینی بناناچاہتے ہیں انہوںنے کہا کہ اسد خان اچکزئی کو کوئٹہ شہر کے بارونق علاقے سے اغواء کیا گیا کئی ہفتے گزرنے کے بعد بھی ان کی عدم بازیابی پورے سسٹم کے لئے ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

انہوںنے مطالبہ کیا کہ اسدخان اچکزئی کی فوری اور بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے عوام کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے اگر اسدخان کی فوری بازیابی ممکن نہیںہوئی تو ہم مجبوراً احتجاج میں شدت لانے پر مجبورہوں گے۔ اس موقع پر اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری خان نواب ضلع خیبر کے صدر شاہ حسین خورشید خٹک ، پارٹی کارکنوں اور شہریوں کیی کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے مردہ کاریز شہدا قبرستان جاکر شہید خان جیلانی خان اچکزئی شہید عسکرخان ایڈوکیٹ کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کے چادر چڑھائی۔

چمن میں شائع ہونے والی مزید خبریں