باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کی 12سالہ تاریخ میں پہلا کانووکیشن ،525گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں

پیر 2 جنوری 2023 22:55

چارسد ہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2023ء) باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کی 12 سالہ تاریخ میں پہلا کانووکیشن منعقد ہواجس میں مختلف مضامین میں 525 گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں اور ان میں 62 طلبہ کو گولڈ میڈلزسے نوازا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔گور نر خیبر پختون خوا (چانسلر) حاجی غلام علی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

وائس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد، دوسرے جا معات وائس چانسلرز، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر سید سلیم شاہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خالد سعید، ممبران سنڈیکیٹ، فیکلٹی ممبران، انتظامیہ افسران، بچوں کے والدین اور دیگر مہمانوں نے تقریب میں شرکت کیں۔باچا خان یونیورسٹی کی تاریخ میں یہ پہلا کا نووکیشن تھا جس میں میں 2015 سے لیکر 2020تک فارغ ہونے والے پی ایچ ڈی کے سات، ایم فل، ایم ایس سی آنرز، ایم ایس اورایم بی اے 3.5 کے 63، ایم اے / ایم ایس سی کے 164 اور بی ایس کے 229 طلبا و طا لبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختون خوا جو باچا خان یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں نے تمام طلبہ کو ڈگریاں دیں اور گولڈ میڈلسٹس کو میڈلز پہنائے۔گورنر خیبر پختون خوا نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ڈگریاں لینے والے طلبا و طالبات کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔باچا خان یونیورسٹی کے انتظامی و تدریسی عملہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں باچا خان یونیورسٹی کی کارکردگی بہتر ہے۔

ہم اپنی طرف سے بھر پور مالی مدد کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان بابا خود ایک عظیم شخصیت تھے۔ باچا خان بابا نے پوری دنیا کو عدم تشدد کا فلسفہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ فارغ آلتحصیل طلبا و طالبات پورے ملک میں عدم تشدد کے فلسفے کا پرچار کرے۔ ہمیں اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرنا ہوگا۔ اخلاق اور تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے شائستگی کو فروغ دینا ہوگا۔

یونیورسٹی کے ثمرات سے کافی طلبا و طالبات مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا کیمپس بہت جلد تعمیر ہوگی۔ زیر تعمیر کیمپس بہت جلد نئی یونیورسٹی میں تبدیل ہو جائے گا یونیورسٹی کے ساتھ انکی توقع سے زیادہ تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں سیکورٹی کیلئے ایف سی کی پلاٹون کی جلد سے جلد فراہم کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وائس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد صوبے کے دوسرے جامعات کے لئے مثال ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ باچا خان یونیورسٹی کے 12 سالہ تاریخ میں یہ پہلا کانووکیشن ہے یہ طلبا و طالبات کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی نے ملک کیلئے بڑی مقدار میں افرادی قوت فراہم کی۔تمام اسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت کو افراد کی مستقل بنیادوں پر بھرتیاں گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ پورے ملک میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جب اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تو سب سے پہلے باچاخا ن یونیورسٹی کے معاشی حالت کو مستحکم بنانے پر کام شروع کیا اور آج اللہ کے فضل سے یونیورسٹی اقتصادی طور پر مستحکم ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے کیمپس میں اکیڈیمک اور ایڈمنسٹریشن بلاکس پر تعمیراتی کام جاری ہے اور بہت جلد اس پر کام مکمل ہو جائے گا۔ یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس، فارمیسی، اسلامیات، فزکس اور ایجوکیشن کے نئے شعبے قائم کئے۔ تقریب کے آخر میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خالد سعید نے تما م مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں