پی ٹی آئی ڈیڈباڈی، تابوت میں کیل لگ چکے، ایمل ولی

اے این پی نہ حکومت اور نہ ہی اپوزیشن کا ساتھ دے گی، رہنما عوامی نیشنل پارٹی

جمعہ 12 اپریل 2024 20:50

پی ٹی آئی ڈیڈباڈی، تابوت میں کیل لگ چکے، ایمل ولی
چار سدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ڈیڈ باڈی ہے جس کے تابوت پر کیل لگ چکے۔ میڈیا سے گفتگو میں ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی نہ حکومت اور نہ ہی اپوزیشن کا ساتھ دے گی۔انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ اے این پی نے راستہ بدلا ہے، پارٹی نے کبھی سودے بازی نہیں کی اور نہ کریں گے۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی ڈیڈ باڈی ہے اور اس کے تابوت پر کیل بھی لگ چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اپنی تحریک کا آغاز کر چکے ہیں واپسی کا کوئی راستہ نہیں، سیاستدانوں سمیت تمام اداروں کا احتساب کرنا چاہیے۔ایمل ولی خان نے کہا کہ قرضوں پر معیشت نہیں چل سکتی، شاہانہ طرز زندگی ترک کرنا ہوگی، ایوان بالا میں نیوٹرل بینچوں پر بیٹھنے کیلئے درخواست دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیازی کا عوام سے لینا دینا نہیں صرف اپنی ذات سے تعلق ہے، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کیلیے ساتھ دینے والوں کے ساتھ چل سکتے ہیں۔اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں بھی خیبر پختونخوا کو حق سے محروم رکھا گیا، موجودہ کے پی حکومت وفاق سے حق حاصل نہیں کر سکتی۔انہوںنے کہاکہ اے این پی حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد کا ساتھ نہیں دے گی، آئین اور حقیقی جمہوریت کیلئے اے این پی نے اپوزیشن سے پہلے تحریک شروع کر لی۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں