چنیوٹ، عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد حکومت کا انقلابی اقدام ہے،سید امان انور قدوائی

کسی سائل سے زیادتی نہیں ہوگی تاہم میرٹ کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھاجائے گا، ڈپٹی کمشنر چنیوٹ

جمعہ 15 فروری 2019 21:40

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد حکومت کا انقلابی اقدام ہے،کسی سائل سے زیادتی نہیں ہوگی تاہم میرٹ کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھاجائے گا، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر چنیوٹ سید امان انور قدوائی اور ڈی پی او محمد انور کھیتران نے اسسٹنٹ کمشنر آفس لالیاں کے احاطہ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کھلی کچہری میں عوام الناس اور ضلع بھر کے محکموں و پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب جناب عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی اور ڈی پی او محمد انور کھیتران نے لوگوں کے مسائل سننے اور انکے حل کے لیے اسسٹنٹ کمشنر آفس لالیاں کے احاطہ میں کھلی کچہری لگائی،کھلی کچہری میں تمام سرکاری محکمہ جات کے افسران،صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنر و ڈی پی او نے کھلی کچہری میں تمام پیش ہونے والے سائلین کی شکایات کو بغور سنااورموقع پر ہی متعلقہ افسروں کو میرٹ کے مطابق انکی شکایات دور کرنے اورنکی دادرسی کیلئے احکامات جاری کیے، انہوں نے ہدایات دیں کہ محکموں کے ضلعی افسران لوگوں کی شکایات و مسائل اپنے دفاتر میں حل کرنے پر توجہ دیں،درخواست گزاروں کے مسائل خندہ پیشانی سے سن کر انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں،بعد ازاں سابقہ کھلی کچہریوں میں موصول ہونے والی لوگوں کی درخواستوں پر افسروں کی موجودگی میں محکمانہ کاروائی کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوطارق نیازی، اسسٹنٹ کمشنرلیاقت علی۔

(جاری ہے)

خضر حیات بھٹی۔مس فرح دیبہ۔ ڈی ایس پی لالیاں مظہر گوندل و ایس ایچ اوز و دیگر پولیس افسران، سی اوز میونسپل کمیٹیز و ضلع کونسل و دیگر محکموں ہیلتھ، ایجوکیشن، زراعت،لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ، فیسکو،ہائی وے،روڈزو دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے،آخر میں ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے جبکہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی شکایات کی درخواستوں پر محکمانہ کاروائی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ سائلین کو ریلیف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو،انکا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کو میرٹ پر حل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

نن

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں