چترال ۔گرم چشمہ، چترال ا ئر پورٹ روڈ پر چیو پل کے قریب سڑک کی تعمیر کا مطالبہ

منگل 15 اکتوبر 2019 15:05

چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) گرم چشمہ، چترال ائیر پورٹ روڈ پر چیو پل کے قریب سڑک کا کنارہ دریا کی جانب گر چکا ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ اسی جگہ دو سال قبل بھی سڑک گرنے سے مسافر گاڑی دریا برد ہوئی تھی جس میں 9قیمتی جانیں چلی گئیں تھیں ۔اسی سڑک پر روزانہ چترال یونیورسٹی کے متعدد بسیں گزرتی ہیں جن میں تقریبا دو ہزار کے قریب طلباء و طالبات سفر کرتی ہیں ، اہم شخصیات بھی اسی سڑک سے ہوائی اڈے کی طرف جاتی ہیں جبکہ اس کے علاوہ سینکڑوں گاڑیاں اس روڈ سے گزرتی ہیں ، دو ہفتے ہو گئے سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی فوری مرمت کی ضرورت ہے مگر تا حال کوئی کام شروع نہیں کیا جا سکا ، جس کی وجہ سے کوئی بھی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو گا ۔

(جاری ہے)

یہاں کے مقامی ڈرائیوروں اور عام افراد ،مقصود علی بیگ،جمعہ خان، وزیر علی شاہ و دیگر کا کہنا ہے کہپانی، بجلی تعلیم، صحت کی سہولیات انسان کی بنیادی حقوق میں شامل ہیں اور ہم چترالی ابھی تک بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم ہیں جبکہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک بھی ہماری زندگیوں کیلئے خطرہ بنی ہوئی ہے، دریا کے کنارے خستہ حال سڑک کسی بھی خطرے سے خالی نہیں ہے ، حکومت اور محکموں سے اپیل ہے کہ فوری طور پراس سڑک کی تعمیر و مرمت کر کے انسانی زندگیوں کو خطرے سے نکالا جائے ۔

اس سلسلے میں ہم نے محکمہ مواصلات یعنی کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے ایگزیکٹو انجینئرعثمان یوسف شنواری سے بات کی تو ان کا کہنا ہے کہ آج کل کوئی بھی ٹھیکیدار ادائیگی کے بغیر کام کرنے کو تیار نہیں ہے اور وہ ڈرے ہوئے ہیں کہ کہیں ہمیں کام کرنے کے بعد ادائیگی نہ ہو۔ جبکہ ہمارے پاس مرمت کیلئے کوئی فنڈ موجود نہیں ہے۔ ہم نے صوبائی حکومت کو اس کے سلسلے میں خط بھیجا ہے جونہی فنڈ منظور ہوگا ہم اس پر کام شروع کریں گے۔

ایکسین نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ذاتی ضمانت پر ایک ٹھیکیدار سے اس پر کام شروع کروا دیں گے تاکہ کسی انسانی حادثہ پیش آنے سے پہلے یہ تعمیر ہوسکے۔اس سلسلے میں جامعہ چترال سے بھی رابطہ کیا گیا تو یونیورسٹی کے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم نے بھی اس سلسلے میں محکمہ C& W کو لکھا ہے کہ اس سڑک کوفوری طور پر تعمیر کیا جائے کیونکہ اس سڑک پر ہمارے یونیورسٹی کے بسیں گزرتی ہیں جو خطرے سے خالی نہیں ہے، سڑک کی فوری مرمت کرنا اشد ضروری ہے ۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں