کاشتکاروں بند گوبھی کی پنیری کو شام کے وقت کھیت میں لگائیں تاکہ پودے اچھی طرح جڑ پکڑ سکیں،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت

بدھ 7 دسمبر 2022 15:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2022ء) بند گوبھی کی پنیری کوکھیت میں منتقل کرنے کاوقت بہت تھوڑا ہے اسلئے پنیری کو شام کے وقت کھیت میں لگائیں تاکہ پودے رات کے وقت اچھی طرح جڑ پکڑ سکیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودکے مطابق جس روز پنیری کھیت میں لگانی ہو اس روز صبح کے وقت نرسری کی اچھی طرح آبپاشی کی جائے تاکہ پودے نکالتے وقت ان کی جڑیں نہ ٹوٹیں۔

انہوں نے کہاکہ پودا لگاتے وقت جڑ کے نزدیک سے اچھی طرح دبا دیں تاکہ پودا جلدی جڑ پکڑ لے نیز پودوں کو کھیت میں 40سے 45 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر لگائیں اور فوراً آبپاشی کر دیں۔انہوں نے کہاکہ نرسری کی منتقلی کے 15 دن بعد کھیت میں مرے ہوئے پودوں کی جگہ نئے پودے لگا دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فصل کی آبپاشی 15 دن کے وقفہ سے کرنے سمیت کاشت کے ایک ماہ بعد گوڈی کرنے کے بعد آبپاشی کرنے سے پہلے 8 کلوگرام امونیم سلفیٹ یا 40 کلوگرام یوریا کھاد فی ایکڑ استعمال کی جائے تاکہ پودوں کے ہیڈ اچھے بنیں اور منڈی میں اچھا ریٹ ملے۔

انہوں نے کہاکہ بند گوبھی کاشت کے3 یا ساڑھے3 ماہ بعد برداشت کیلئے تیار ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بند گوبھی میں وٹامن اے، سی، معدنی نمکیات لوہا، چونا، فاسفورس کافی مقدار میں پائے جانے کے باعث پھول گوبھی سے زیادہ غذائیت ہوتی ہے لہٰذا کاشتکار پھول گوبھی کے ساتھ ساتھ بند گوبھی کی بھی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں،بند گوبھی کا زیادہ تر استعمال بطور سلاد کیا جاتا ہے جبکہ بند گوبھی کی کامیاب کاشت کیلئے سرد مرطوب آب و ہوا موزوں رہتی ہے اسلئے اس کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو کا انتخاب کیاجائے۔\932

متعلقہ عنوان :

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں