ٓ ایم ڈی بیت المال کا ڈیرہ بگٹی کا دورہ ،معذور و مستحق افراد میں امدادی رقوم تقسیم کی

ح*وزیر اعظم عمران خان کی مدینہ جیسی فلاحی ریاست کے خواب کا مقصد ہی دورافتادہ علاقوں میں غریب لوگوں کو انکی دہلیز تک بروقت مدد فراہم کرنا اور انکی زندگیوں میں بہتری لانا ہے،عون عباس کا تقریب سے خطاب

اتوار 12 جولائی 2020 18:30

‘ڈیرہ بگٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2020ء) ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی نے سردار شازین بگٹی کے ہمراہ ڈیرہ بگٹی کا دورہ کیا ہے اور معذور و مستحق افراد میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں ایف سی پبلک سکول میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی بیت المال عون عباس نے کہا کہ بارودی سرنگ کے دھماکوں سے معذور افراد کا معائنہ اور طبی ماہرین سے ان کے علاج معالجہ سے متعلق پاکستان بیت المال کی جانب سے مکمل مدد فراہم کی جائے گی،بلوچستان کے لوگ محب وطن ہیں امن وامان کی بحالی سے ترقی و خوشحالی آئے گی، وزیراعظم پاکستان کی ویڑن کے مطابق بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں میں لاچار افراد کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے، دورافتادہ علاقوں میں مستحق افراد کی مدد کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں، بلوچستان کی ترقی و خوشحالی سے پاکستان میں ترقی کے مزید وسائل پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

خواتین کو ہنر مند ، خوشحال اور خودکفیل بنانے کے حوالے سے پاکستان بیت المال کی جانب سے بہت جلد ڈیرہ بگٹی میں ویمن ایمپاوریمنٹ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے مستحق و قابل طالب علموں کی مفت تعلیم کی حوالے سے ایف سی کالج ڈیرہ بگٹی سے باہمی یاداشت کے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں۔ تاکہ یہاں کے غریب نوجوانوں کو حصول تعلیم کے لئے مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے مستحق نوجوانوں کو ملک بھر کی پبلک یونیورسٹیوں میں حصول تعلیم کے پاکستان بیت المال کی جانب سے اسکالرشپ فراہم کی جائیں گی، یتیم بچوں کی کفالت اور بیوہ خواتین کی مدد کے لئے یتیم بیوہ کفالت پروگرام کے تحت ڈیرہ بگٹی کی عوام کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا،وزیر اعظم عمران خان کی مدینہ جیسی فلاحی ریاست کے خواب کا مقصد ہی دورافتادہ علاقوں میں غریب لوگوں کو انکی دہلیز تک بروقت مدد فراہم کرنا اور انکی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔

ڈیرہ بگٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں