ڈی آئی خان میں ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی عمارتوں کیخلاف آپریشن

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:39

ڈی آئی خان۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبائی حکومت کی ہدایت پر تجاوزات کیخلاف مہم زور و شور سے جاری ہے۔اس سلسلے میں انڈس ہائی وے پر نائیویلہ اڈا اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنر پروآ اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی موجودگی میں ٹی ایم اے کے عملے نے مقامی پولیس کے تعاون سے ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی عمارتوں کیخلاف آپریشن کیا جس کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے انڈس ہائی وے کے دونوں کناروں پر موجود پختہ اور کچی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ناجائز تجاوزات بالخصوص سرکاری اراضی اور املاک پر غیر قانونی قبضہ کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا اورنا جائز قابضین سے نہ صرف ان املاک کو واگزار کیا جائیگا بلکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت سخت کاروائی بھی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل پروآ میں تجاوزات کیخلاف مہم کے ساتھ ساتھ صاف اور سرسبز پاکستان مہم بھی زور شور سے جاری ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے انتظامیہ سے نہ صرف بھرپور تعاون کریں بلکہ اپنے طور پر زیادہ سے زیادہ درخت اگا کر اپنے گھروں ، گلیوں اور بازاروں کو صاف ستھرا رکھ کر خوبصورت اور سرسبز پاکستان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں