کھیت میں 24گھنٹے تک بارش کاپانی کھڑارہنے سے پودوں کی نشو ونما رک جاتی ہے جس کے پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ،کاشتکار کپاس کی فصل کو بارشوں کے نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں،محکمہ زراعت کی ہدایت

بدھ 21 اگست 2019 13:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) کھیت میں 24گھنٹے تک بارش کاپانی کھڑارہنے سے پودوں کی نشو ونما رک جاتی ہے جس کے پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں لہٰذاکاشتکار کپاس کی فصل کو بارشوں کے نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ کپاس کی فصل اس وقت اہم مرحلہ پر ہے لہٰذا فصل کو بارشوں کے نقصانات سے بچانے کیلئے اس کی بھرپور نگہداشت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ جن کھیتوں میں بارش کا پانی کھڑا ہے اسے کسی نچلے کھیت میں نکالنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں کیونکہ 24گھنٹے سے زیادہ پانی کھڑا ہونے پر پودوں کی نشوونما رک جاتی ہے اور پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر قریب کماد یا چارے کی فصل ہو تو پانی اس کھیت میں ڈال دیں اور اگر پانی کپاس کے کھیت سے باہر نہ نکالا جاسکتا ہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کر دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر فصل پیلی ہو جائے تو پانی نکالنے کے بعد زمین وتر آنے پر یوریا کا 2فیصد محلول بنا کر سپرے کریں تاکہ پودوں کی نشوونما دوبارہ شروع ہوجائے جبکہ ضرورت پڑنے پر 7دن بعد یوریا کے محلول کا دوبارہ سپرے کریں۔انہوںنے کہاکہ کپاس کی فصل بارشوں کی وجہ سے اگر زیادہ متاثر ہوجائے تو اجزائے صغیرہ کا استعمال محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ زیادہ گرم اور مرطوب موسمی حالات میں کپاس کی فصل پر سبز تیلے ، سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملہ کا امکان بڑھ جاتا ہے لہٰذا کاشتکار ہفتہ میں دو بار فصل کی پیسٹ سکائوٹنگ کریں اور حملہ کی صورت میں مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے مناسب زہر وںکا سپرے بھی کیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں