موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی گندم کی اقسام سے پیداوار میں واضح اضافہ ہو گا،ڈاکٹر اقرار احمد خان

جمعرات 2 مئی 2024 11:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر داکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہزرعی یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے گندم کی نئی اقسام متعارف کروائی گئی ہے جس سے پیداوار میں واضح اضافہ ہو گاجبکہ اس سال ملک میں گندم کی بہترین پیداوارہوئی ہے تاہم کاشتکار کو اس کی محنت کا مطلوبہ پھل نہیں مل پارہا جس کیلئے مارکیٹ فورسز میں اصلاحات کرنا ہوں گی۔

وہ سینئر ٹیوٹر آفس اور ڈائریکٹوریٹ آف فارمز کے زیراہتمام زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں منعقدہ واہڈیاں میلے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جبکہ اس موقع پر ترقی پسند کاشتکار ثروت ملک، عمران ناصر، ڈین فوڈ سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، ڈائریکٹر فارمز شاہد ابن ضمیر، ڈی جی نیفسیٹ ڈاکٹر عمران پاشا، ڈی ایس اے ڈاکٹر ندیم عباس، ڈاکٹر کاشف، ڈاکٹر عمیرگل و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ گندم کی کٹائی کے موقع پر صدیوں سے میلہ جات کا انعقاد ہماری روایت رہی ہے کیونکہ اس وقت کسان کو اس کی محنت کا پھل ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی گزشتہ چند سالوں سے محکمہ زراعت کے تعاون سے ملک بھر میں گندم بڑھاؤ مہم کے تحت گاؤں گاؤں کھلیان کھلیان جا کر زرعی سفارشات سے آگاہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی میلہ جات کا انعقاد جامعہ زرعیہ کا خاصا رہا ہے تاکہ کاشتکاروں اور انڈسٹری کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کر کے جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں کی دسترس تک پہنچایا جائے۔

ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر نے کہا کہ اس سال زرعی یونیورسٹی میں بہترین گندم کی پیداوار ہوئی ہے اور یونیورسٹی کوشاں ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو کھیتوں تک لے کر جایا جا سکے۔ ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ میلے کے تحت دیہی ثقافت کے حسین رنگوں کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو ہماری مشرقی روایات سے روشناس کرواتے ہوئے دنیا میں اپنا منفرد مقام قائم رکھنے میں مدد مل سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں