سپیشل اکنامک زون میں چھوٹے نجی طیاروں کی آمد و رفت کیلئے لینڈنگ سٹرپ اور منی ایئر پورٹ کی تعمیر پر غور شروع ،

جبل علی دوبئی کی طرز پر برآمدی صنعتوں کیلئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون قائم کرنے کا بھی فیصلہ

منگل 21 جنوری 2020 13:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی فضائی سفری سہولت کیلئے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسریل سٹی فیصل آباد میں چھوٹے نجی طیاروں کی آمد و رفت کیلئے لینڈنگ سٹرپ اور منی ایئر پورٹ کی تعمیر کے منصوبہ پر غور شروع کر دیا ہے تاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے پاکستان میں تعمیر ہونے والے ملک کے پہلے ترجیحی اقتصادی زون میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے چینی و دیگر غیر ملکی سرمایہ کار اکنامک زون تک براہ راست فضائی سفری سہولت سے استفادہ کر سکیں اور یہاں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو سکے نیز فیڈمک میں جبل علی دوبئی کی طرز پر برآمدی صنعتوں کیلئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

فیڈمک کے چیئر مین میاں کاشف اشفاق نے منگل کے روز ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کے دوران بتایا کہ فیصل آباد شہر میں موجود ٹیکسٹائل سیکٹر اور جی ایس پی پلس سٹیٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سٹیٹ آف دی آرٹ انٹیگریٹڈ ٹیکسٹائل پارک قائم کیا جائے گا جہاں اس سیکٹر سے وابستہ مکمل ویلیو چین کی موجودگی سے نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد مل سکے گی۔

انہوں نے بتایاکہ اس کے ساتھ ساتھ یہاں ٹیکسٹائل سیکٹر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے علاوہ فنی تربیت کے مراکز بھی قائم کئے جائیں گے علاوہ ازیں فیصل آباد کی شہری آبادی میں قائم ٹیکسٹائل یونٹس کو بھی یہاں منتقل کیا جا سکے گا۔میاں کاشف اشفاق نے بتایاکہ فیڈمک کی جانب سے دبئی کے جبل علی کے ماڈل پر برآمدی صنعتوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کیا جا رہا ہے جس کیلئے فیڈمک اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے درمیان معاہد ہ کیلئے بات چیت جاری ہے اور اس سلسلہ میں جلد حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔

چیئر مین فیڈمک نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ فیڈمک نے فوری طور پر ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں منتقل ہو کر کام شروع کرنے کے خواہشمندسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززکیلئے تقریبا 250 ایکڑ جگہ مختص کی ہے اور یہ جگہ خصوصی طور پر تین سے دس ایکڑ کے درمیان جگہ لینے کے خواہشمند مقامی سرمایہ کاروں کی ڈیمانڈ پر حاصل کی گئی ہے جن کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ انہوںنے بتایا کہ یہ اراضی ان بڑے اداروں سے لی گئی ہے جو آئندہ ایک سے دوسال تک ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں منتقل ہو کر کام شروع کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے تاہم انہوں نے وہاں بکنگ کروائی ہوئی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں اراضی فراہم کرنے والے اداروں کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں