زرعی یونیورسٹی کے ماہرین نے ملک میں مصنوعی اور غیرمعیاری انڈوں کی تیاری کے تاثر کو یکسرمسترد کر دیا، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:20

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) ماہرین نے ملک میں انڈے کے فی کس استعمال کی شرح میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ملک میں مصنوعی اور غیرمعیاری انڈوں کی تیاری کے تاثر کو یکسرمسترد کر دیا ہے۔ پولٹری سیکٹر ملک میں انڈے اور گوشت کی فی کس کھپت کو اقوام متحدہ کی سفارش کردہ شرح یعنی ایک انڈا روزانہ کے مطابق لانے کیلئے پوری طرح پرعزم اور تیار ہے تاکہ مرغبانی کی صنعت کو فروغ دیتے ہوئے اس کی برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے زرمبادلہ کمانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ورلڈ پولٹری سائنس ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے لیئرکوالٹی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے کہا کہ انہیں پولٹری کانفرنس میں انڈسٹری کی بھرپور شرکت اور یونیورسٹی کے اکیڈمک و ریسرچ معاملات میں دلچسپی پر انتہائی مسرت ہوئی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اسی طرح سے انڈسٹری اور اکیڈیمیا میں تعلقات کو بام عروج تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہرچند ٹیکسٹائل کے بعد پولٹری ملک کی دوسری بڑی صنعت ہے جس میں لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے لہٰذا اس کو درپیش مسائل و مشکلات جب تک یونیورسٹی سائنس دانوں کے علم میں نہیں آ ئیں گے تب تک ان کا حل نکالنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایک جیسے پیشہ وارانہ اُمور میں کام والے افراد اور ادارے انفرادی سطح پر کام کر رہے ہیں جبکہ انہیں اگر مربوط کرکے مشترکہ چیلنجز دیئے جائیں تو خاطر خواہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی سے یونیورسٹی کی کلیہ اُمور حیوانات عضومعطل بن کر رہ گئی تھی تاہم انہوں نے پہلے ہی اکیڈمک کونسل اجلاس میں تمام شعبہ جات میں داخلوں اور ڈگری پروگرام کے اجراء کی منظوری دی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں کسی بھی پروگرام کی کامیابی کیلئے حکومت‘ یونیورسٹی ‘ انڈسٹری کو حصہ دار بناکر پیش رفت کی جاتی رہی ہے تاہم اب اس میں سوسائٹی کا عمل دخل بھی کھل کر سامنے آیا ہے کہ اس کے بغیر شراکت داری مکمل نہیں ہوپاتی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ یونیورسٹی پلیٹ فارم سے انڈسٹری اور اکیڈیمیا روابط کی بہترین مثال سامنے لانے کیلئے پرعزم ہیں جس میں انڈسٹری کے لوگوں کو نئے بزنس و مینجمنٹ رجحانات کے حوالے سے یونیورسٹی میں تربیت جبکہ یونیورسٹی کے نوجوان اساتذہ کو انڈسٹری کے تازہ ترین حالات اور مشکلات سے آگاہی کیلئے انٹرن شپ کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی انڈسٹری میں مسائل و مشکلات کی نشاندہی انتہائی ضروری خیال کی جاتی ہے جس کے حل کیلئے دنیا بھر کی طرح پرائیویٹ سیکٹر جامعات کے ماہرین کو شامل حال کرکے ان کا پائیدار حل تلاش کرتا ہے۔ کراچی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شہر میں انڈسٹری مالکان نے جامعات میں ریسرچ سنٹر کی تعمیر‘ طلبہ کیلئے وظائف اور انڈومنٹ فنڈ قائم کر رکھے ہیں لہٰذا زرعی یونیورسٹی میں بھی انڈسٹری کو درپیش مسائل پر ماہرین کی تحقیق کو اسی طرز پر سپورٹ کیا جانا چاہئے۔

ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف اینمل و ڈیری سائنسزڈاکٹر اسلم مرزا نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملک کا پہلاادارہ ہے جس نے پولٹری سائنس میں بی ایس پروگرام شروع کیاجس کے بعد دوسری جامعات میں بھی یہ ڈگری پروگرام شروع کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں یونی گولڈ نامی نئی ورائٹی متعارف کروائی ہے جس کی مرغی موسمی شدت برداشت کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ سال میں 200سے زائد انڈے دینے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے ۔

ورلڈپولٹری سائنس ایسوسی ایشن پاکستان کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر حنیف نذیر نے کہا کہ دوسرے شعبوں کے مقابلہ میں پولٹری کے شعبہ میں اکیڈیمیا انڈسٹری روابط پروان چڑھ رہے ہیں تاہم اس کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے کیلئے یونیورسٹی ریسرچ پر انڈسٹری کی سرمایہ کاری کی وہ حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاتعداد مشکلات کے باوجود پاکستان کاپولٹری والیم دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے جس میں ترقی کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی طرف سے تحقیق میں گراں بہا خدمات پر ریسرچ ایوارڈ دیئے جاتے ہیں جن میں اضافہ زیرغور ہے۔ نائب صدرڈاکٹر عاصم محمود نے کہا کہ ملک کے اندر انڈوں کی سٹوریج میں بہتری کی گنجائش موجود ہے جس کیلئے نئی تجاویز سامنے آنی چاہئے۔پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے نائب صدر چوہدری فرگام طور نے کہا کہ پولٹری انڈسٹری میں اتنا پوٹنشل ہے کہ یہ فی کس انڈوں کی شرح میں اضافہ کے تمام چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نبردآزما ہوسکتی ہے۔

کانفرنس سے ڈاکٹر فریحہ‘ ڈاکٹر مہر النساء ‘ ڈاکٹر سلیمی ڈاکٹر ضرغام خاں‘ ڈاکٹر نجم الاسلام‘ ڈاکٹر لوڈیو گومس‘ ماریلو زونازے ‘ ڈاکٹر زونگ جیا چنگ‘ ڈاکٹر گلریز‘ ڈاکٹر رانا خالد مجید‘ ڈاکٹر جاوید اقبال نے خطاب کیا جبکہ نقابت یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور پولٹری جرنلزم کے شہہ سوار ڈاکٹر خالد محمود شوق نے کی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں