زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینئر ٹیوٹر آفس کے زیراہتمام اینٹی کرپشن واک کا اہتمام کیا گیا

پیر 6 دسمبر 2021 17:33

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینئر ٹیوٹر آفس کے زیراہتمام اینٹی کرپشن واک کا اہتمام کیا گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینئر ٹیوٹر آفس کے زیراہتمام اینٹی کرپشن واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی نے کی جبکہ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید، ڈاکٹر انوارالحق، ڈاکٹر عاصم عقیل، ڈاکٹر شوکت علی سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

واک ایڈمن بلاک سے شروع ہو کر اقبال آڈیٹوریم پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انس سرور قریشی نے کہا کہ کرپشن کے ناسور پر قابو پانے کے لئے خوداحتسابی کے عمل کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے تاہم اگر افراد میں قرآن و سنت کے مطابق زندگیاں گزارنے کے بارے شعور بیدار کیا جائے تو اس سے نہ صرف بگڑتی ہوئی صورتحال پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ صحت مند معاشرے کی بنیاد بھی رکھی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی و مشرقی روایات سے لبریز کردار سازی کے لئے زرعی یونیورسٹی میں تربیتی ورکشاپ اور کلاس رومز میں اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ملکی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر عبدالنوید نے کہا کہ طلباء کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے سینئر ٹیوٹر آفس کے زیراہتمام تربیتی سرگرمیاں تمام توانائیوں کے ساتھ جاری و ساری ہیں تاکہ طلباء کی بہترین کردار سازی کرتے ہوئے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں