شہری کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت کے بارے میں مکمل معلومات لیں ، ڈی جی ایف ڈی اے

ہفتہ 22 فروری 2020 00:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) :ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی وغیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف تسلسل کے ساتھ آپریشن جاری ہے تاہم شہریوں کو چاہیے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت کی مکمل جانچ پڑتال کرلیں تاکہ وہ اس ضمن میں دھوکہ دہی یا فریب سے بچ سکیں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کی شکایات سنتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ مہر ایوب،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل نے مختلف ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں شکایات ودرپیش مسائل سنتے ہوئے کہا کہ شہری کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ کی فائل نہ خریدیں بلکہ وہ پلاٹ خرید کر باقاعدہ رجسٹری اپنے نام کروائیں تاکہ انہیں بعد میں خوار نہ ہونا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعض ڈویلپرز ہاؤسنگ سکیم میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بلند وبانگ دعوے کرتے ہیں اور خریدار ان کے جھانسے میں آکر اپنی جمع پونجی ضائع کرلیتے ہیں تاہم ایف ڈی اے کی طرف سے ایسے مفادپرست عناصر کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کرائے جارہے ہیں اور اب تک مختلف ہاؤسنگ سکیموں کے ڈویلپرز کے خلاف مختلف تھانوں میں 251،ایف آئی آر درج کرائی جاچکی ہیں اور لیگل برانچ کو ان مقدمات کی پیروی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ مہر ایوب نے بتایا کہ رسالے والا روڈ پر گلبرگ گرین اور ڈیفنس پیراڈائز،ملت روڈ پر بلال آرچرڈ اور مدنی گارڈن ایف ڈی اے سے منظور شدہ نہیں ہیں لہذا شہری محتاط رہیں۔انہوں نے بتایا کہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کی فہرست جاری کی جاچکی ہے اور اس سلسلے میں شہریوں کی باقاعدہ رہنمائی بھی جاری ہے لہذا پلاٹ کی خریداری سے پہلے ہاؤسنگ سکیم کی قانونی حیثیت اور ریونیو ریکارڈ کو ضرورچیک کرلیں تاکہ بعدازاں خریدار کوکوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں