سفاک باپ نے ایک ماہ کی بیٹی بھکاریوں کو فروخت کر ڈالی

ملزم نے اپنی ایک ماہ کی بیٹی کو 25 ہزار روپے میں فروخت کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 ستمبر 2021 16:41

سفاک باپ نے ایک ماہ کی بیٹی بھکاریوں کو فروخت کر ڈالی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر 2021ء) : فیصل آباد میں کم سن بچوں کو بھکاریوں کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ، فیصل آباد کے رہائشی نے اپنی ایک ماہ کی بچی کو 25 ہزار روپے کے عوض پیشہ ور بھکاریوں کو فروخت کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے ایک علاقہ کے رہائشی ملزم ندیم نے ڈیڑھ سال قبل اپنی ایک ماہ کی بیٹی کو پیشہ ور بھکاریوں کو فروخت کر دیا تھا ۔

پیشہ ور بھکاری سروری نے 25 ہزار روپے میں بچی کو خریدا تھا۔ ڈیڑھ سال بعد معاملہ کُھلنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچی کے والد اور بھکاری سروری کو حراست میں لے لیا۔ جبکہ بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ بچی کو پیشہ ور بھکاریوں کو فروخت کرنے کا مقدمہ تھانہ غلام محمد میں درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مقدمہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں سات دفعات لگائی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس کو اطلاع دی گئی تھی کہ ایک ماہ کی بچی کو فروخت کیا گیا ہے ، ڈیڑھ سال بعد پولیس نے کارروائی کی اور بچی کے والد اور پیشہ ور بھکاری کو گرفتار کر لیا جبکہ بچی کو بھی بازیاب کروا لیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جب بچی کو فروخت کیا گیا تب اُس کی عمر ایک ماہ تھی، بھکارن سروری بی بی بچی کو اپنے ساتھ رکھتی تھی اور یہی ظاہر کرتی تھی کہ یہ بچی اس کی ہے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچی کے والد اور بھکارن کے مابین ڈیل کروانے میں مزید دو افراد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں گداگروں کا مافیا موجود ہے لیکن مستند اطلاع نہ ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف خاطر خواہ کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔ گذشتہ دنوں پولیس نے بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا جس میں ایک گداگر یونیورسٹی طالب علم ، ایک کے خلاف 132 مقدمےجبکہ 187 گداگروں کے جعلی معذور ہونے کا انکشاف ہوا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں