خواتین میں چھاتی کے کینسرسے بچائو کیلئے آگاہی واک اور معلوماتی سیمینار کا انعقاد

منگل 16 اکتوبر 2018 00:06

فیصل آباد۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز‘ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ربن یوتھ اویئرنیس پروگرام اور شوکت خانم کینسر ہسپتال کے اشتراک سے خواتین میں چھاتی کے کینسرسے بچائو کیلئے آگاہی واک اور معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ انچارج انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز ڈاکٹر عائشہ ریاض‘ ڈاکٹر بینش سرور خاں‘ سینئرٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید خاں اور طالبات کے ہمراہ آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ چھاتی کے کینسر کی وجہ سے ہر سال 40ہزار سے زائد خواتین اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں لہٰذا اس حوالے سے غیرمعمولی صورتحال کوچھپانے کے بجائے اسے فوری طورپر خاندان کی بڑی خواتین کے علم میں لایا جائے تو بروقت تشخیص کی صورت میں ہم بہت سی خواتین کو موت کے منہ میں جانے سے بچا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بچیوں کو اس بیماری کا باعث بننے والے بڑے عوامل یعنی بیکری مصنوعات ‘وزن میں اضافہ اور فاسٹ ڈرنکس کے استعمال میں احتیاط کی راہ دکھاتے ہوئے ورزش کو معمول بنانے‘ سالانہ میموگرام ٹیسٹ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صحت افزاء خوراک کا استعمال بڑھانا ہوگا تاکہ وہ حساس نوعیت کے معاملات میں غیرمعمولی تبدیلی کونظرانداز کرنے کے بجائے فوری طو رپر اپنی والدہ ‘ بڑی بہن یا بھابھی کے علم میں لاکر اس کا بروقت سدباب کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سال میں کم سے کم ایک مرتبہ میموگرام ٹیسٹ اس مرض کی ابتدائی نشاندہی میں معاون ثابت ہوسکتا ہے اوراس ٹیسٹ میں کوتاہی زندگی کوبڑے چیلنج سے دوچار کر سکتی ہے لہٰذازیادہ سے زیادہ خواتین میں اس حوالے سے شعوراجاگر کرکے ہی ہم انہیں اس مرض سے نجات دلانے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں