گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال کو موبائل ایکسرے مشین کا عطیہ

منگل 18 جون 2019 18:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) : گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال کو موبائل ایکسرے مشین کا عطیہ کیا گیا ہے جس سے مریض بچوں کے بیڈپر جا کر ایکسرے کرنے کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔یہ عطیہ پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی طرف سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر کے حوالے کیا گیا۔اس موقع پر سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس چوہدری نواز،صدر پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن چوہدری سرفراز احمد،ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران کے علاوہ ڈاکٹر افتخار احمد اوٹھی،ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر اسماء،اے ایم ایس ڈاکٹر عابد،ڈی ایم ایس ڈاکٹر آصف،ڈاکٹر فاطمہ ودیگر ڈاکٹر بھی موجودتھے۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر نے عطیہ فراہم کرنے پر پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے لئے موبائل ایکسرے مشین ناگزیر تھی کیونکہ نرسری سے بچے کو ایکسرے کے لئے شفٹ کرنے سے چراثیم سے متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے لہذااس مشین سے اب بچے کے بیڈ پر جا کر ایکسرے ممکن ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال کو جدید ترین مشینری اور طبی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے اور بچوں کی مختلف پیچیدہ بیماریوں کی سہولیات میسر ہیں یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد کے علاوہ سرگودھا اوردیگر اضلاع سے بھی مریض بچوں کے علاج کے لئے رجوع کیا جاتا ہے۔

صدر پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن چوہدری سرفراز احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مریضوں کی فلاح وبہبود اور ہسپتال کی ترقی کے لئے فلاحی خدمات جاری رکھی جائیں گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں