مون سون کے دوران جراثیم کی افزائش میں اضافہ کے باعث برسات میں تازہ ، سادہ اور کم کھاناکھایا جائے، طبی ماہرین

پیر 22 جولائی 2019 12:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ماہرین طب نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران جراثیم کی افزائش میں اضافہ کے باعث احتیاطی اقدامات کے طور پر برسات میں تازہ ، سادہ ، کم کھانا کھایا جائے اور پانی صاف و ابال کر استعمال کیا جائے تاکہ ڈائریا ، گیسٹرو سمیت کسی بھی پیچیدگی سے بچا جا سکے ۔ انہوںنے بتایاکہ مون سون کے دوران برسات کے باعث نمی کی وجہ سے جراثیموں کی افزائش بڑھ جاتی ہے جس سے متعدی امراض میں اضافہ کا خدشہ رہتاہے۔

انہوںنے بتایا کہ موسم گرما میں بالعموم اور موسم برسات میں بالخصوص جسم کو نسبتاً کم خوراک کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا مرغن غذا یا پھر زیادہ کھانے سے بد ہضمی اور پیٹ کی دیگر بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ مکھیوں، گرد وغبار اور نمی کے باعث کھانے پینے کی اشیاء میں آلودگی بڑھ جاتی ہے اور پسینے کی وجہ سے جلد پر پیداہونیوالی نمی پھوڑے پھنسیوں کا بھی باعث بنتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ موسم برسات میں گیسٹرو ، پیچش ، ٹائیفائیڈ بخار، یرقان، پھوڑے پھنسیوں، سن سٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں نیز باتھ روم کے استعمال یا کھاناکھانے سے پہلے صابن سے ہاتھ اچھی طرح دھو لئے جائیں اسی طرح کھانے سے پہلے تھوڑا سا پانی پی لیا جائے اور زیادہ کھانے سے گریز کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کوئی تکلیف ظاہر ہو تو فوری طور پر قریبی مرکز صحت ،ہسپتال یا مستند ڈاکٹر سے رابطہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں