فیصل آباد، واسا شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے ،شیخ شاہد جاوید

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 21:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے کہا ہے کہ واسا شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے تاہم شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا بلوں کو بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ واسا کے وسائل میں خاطرخواہ اضافہ اور شہریوں کی مزید بہتر انداز میں خدمت کی جاسکے۔

انہوں نے یہ بات شہر میں سیوریج لائنوں کی صفائی کا جائزہ لینے کے بعد شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے واسا ملازمین کی انتھک کوششوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ وہ جس طرح شب و روز دلجمعی سے عوامی خدمت کے لئے کوشاں ہیں وہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیوریج لائنوں میں شاپر،پلاسٹک، ریپرز،شیمپو شاشے،کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کریں کیونکہ اس طرح معمولی سی غفلت سے سیوریج لائنز بلاک ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے سیوریج کا پانی اوور فلو ہو کر سڑکوں اور گلیوں میں پھیل جاتا ہے اور تعفن کی وجہ سے بیماریاں پھیلنا شروع ہو جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

شہری اپنے گلی محلوں کا خیال رکھیں جب بھی سیوریج اوور فلو ہو تو فورا واسا آفس رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کرکے مسئلہ کو حل کیاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ واسا شہریوں کو مزید سہولیات میں اضافہ کرنے کے لئے فراہمی و نکاسی آب کے میگا پراجیکٹس پر عمل پیرا ہے جن علاقوں میں سیوریج لائنز خراب ہو چکی ہیں ان علاقوں کا سروے کیا جارہا ہے جلد ہی ان علاقوں میں نئی لائنز پچھائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فراہمی آب کے بہتر سے بہتر منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے لئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں شہریوں کو کسی بھی طرح مایوس نہیں کیا جائے گا۔ ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں