فیصل آباد، بین الاقوامی کانفرنس برائے ایڈوانسز تھیو ریٹیکل اینڈ اپلائیڈ فزکس کا آن لائن انعقاد

کانفرنس کا مقصد طالبات کو دنیا بھر کے ممتاز سائنسدان، محققین، اسکالرز اور صنعتکاروں کے تحقیقی نتائج اور نظریات سے روشناس کروانا تھا

جمعہ 26 فروری 2021 22:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 فروری2021ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد شعبہ فزکس کے زیر اہتمام طالبات کو جدید ٹیکنالوجیز اور ریسرچ سے آگاہی دینے کیلئے تیسری سہہ روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے ایڈوانسز تھیو ریٹیکل اینڈ اپلائیڈ فزکس کا آن لائن انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد طالبات کو دنیا بھر کے ممتاز سائنسدان، محققین، اسکالرز اور صنعتکاروں کے تحقیقی نتائج اور نظریات سے روشناس کروانا تھا۔

کانفرنس میں دنیا کے مختلف ممالک کینیڈا، برازیل، برطانیہ، امریکہ، جرمنی، سعودی عرب، قطر، چین، سویڈن، ترکی وغیرہ سے بہت سارے نامور بین الاقوامی مندوبین اور سائنس دانوں اور محققین نے حصہ لیا۔ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انچارج شعبہ فزکس محترمہ عاصمہ خورشید نے تمام مہمانوں، بین الاقوامی مقررین اور شرکا کو خوش آمدید کہااور اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس عملی اور مادی علوم میں حالیہ اور جدید تحقیق فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے مشترکہ تحقیقی پروگراموں اور بین الاقوامی تعاون کو شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تین سال تک لگاتار بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد پر شعبہ فزکس کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں تشخیصی اور اعضاء کی پیوند کاری میں میڈیکل فزکس کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا۔

کوآرڈینیٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹرظل ہما نازلی نے تحقیقی ترقی کے لئے نوجوان محققین میں جدید علم کے اشتراک کی اہمیت پر زور دیا اور شعبہ فزکس کی کاوشوں کو سراہا۔ انٹرنیشنل کانفرنس میں پروفیسر فرحتین یکیوفانوگللو (فیراٹ یو نیورسٹی۔ ترکی) ،پروفیسر ویلیوس لیمبیسس ، پروفیسر آندریاس لییرس (کنگ سعود یونیورسٹی، ریاض، سعودی عرب)، اور ڈاکٹر مجاہد ذکاء اللہ (روہی-عالمگیرت بوچم، جرمنی) ڈاکٹر ایم عاطف، ڈاکٹر انیس اے انصاری (کنگ سعود یونیورسٹی، سعودی عرب)، ڈاکٹر صابر داد (بائیو فوٹونینس انسٹی ٹیوٹ، تائپے تائیوان)، پروفیسر ڈینیئل جاک گارسیا ، ڈاکٹر نٹالیہ میومی اناڈا (یونیورسٹی آف ساؤ پالو، برازیل)، پروفیسر وانڈرلی سلواڈور باگناٹو (یونیورسٹی آف ساؤ، پالو، برازیل)، پروفیسر لوتھر لائک (یونیورسٹی آف ٹورنٹو، ٹورنٹو، کینیڈا)نے شرکت کی اور نظریاتی طبیعیات کے متعدد شعبوں جیسے میٹریز فزکس، نینو ٹکنالوجی، بایومیڈیکل فزکس، کمپوزٹ میٹریلز، سیمی کنڈکٹر، فیول سیل اور انرجی ہارویسٹنگ مٹیریلز، مقناطیسی، آپٹیکل اور فوٹوونک مواد، پولیمر سائنس اینڈ انجینئرنگ، لیزر ،، فوٹو وولٹیکس، جھلی کی ٹکنالوجی، کوانٹم فزکس، پلازما فزکس، کمپیوٹیشنل فزکس پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی کانفرنس میں مختلف ممالک کے مندوبین اور سائنس دانوں ، محققین، فیکلٹی اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں