سٹاف کی کمی اور بڑھتے واقعات پر فیسکو کیخلاف بھرپور احتجاج

منگل 3 اگست 2021 21:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2021ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کے آٹھوں اضلاع میں سٹاف کی کمی اور روز بروزبڑھتے ہوئے مہلک اورغیر مہلک حادثات کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیااور حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ ہنگامی بنیادوں پر یارڈسٹک کے قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹاف کی کمی کو بذریعہ بھرتی فی الفورپورا کیاجائے۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سرفراز احمد ہندل ریجنل چیئرمین سی بی اے یونین فیسکونے کہا کہ ملک بھر بجلی کے حادثات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور آئے دن کہیں نہ کہیں ہمارے ملازمین بجلی کے نظام ترسیل کو جاری رکھنے کے لیے اپنی قیمتی جانیں نثار کر رہے ہیں۔سٹاف کی کمی کی وجہ سے ملازمین کو دن رات کی پرواہ کیے بغیرکئی گُنا کام کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

حادثات سے بچائو کے لیے قانون کے مطابق تمام میٹریل جس کی گارنٹی ختم ہو جائے اُس کی تبدیلی ہونا بھی ضروری ہے ۔ریجنل چیئرمین نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ محکمہ بجلی میںحادثات کا شکار ہوکر فوت شدگان ملازمین کو شہید اور زخمی ہونے والے ملازمین کو غازی کا قانونی درجہ دیا جائے۔احتجاج کے دیگر قائدین جن میں ریجنل ڈپٹی چیئرمین میاں منیر غنی ، زونل چیئرمین علی اصغر گل، زونل چیئرمین جی ایس او محمد سلیم گوگا، زونل چیئرمین کنسٹرکشن رفیق گجر، زونل چیئرمین جی ایس سی کاشف شیرازی ، زونل چیئرمین میاں ندیم ایم اینڈ ٹی، میاں ساجد حسین سیکرٹری اطلاعات و نشرعات ، میاں فاروق، میاں لیاقت، نصیر جٹ، لالہ نجابت، رانا محمد بوٹا، احمد علی ضیاء ، عمر داراز سنگرا ، اعظم واہلہ ، عبد الخالق گجر، رانا طارق، قوی محمود، میاں وسیم، رانا ناصر، انیس سندھو، سیف جٹ ،گلزار بھٹی،رانا محمد عامر و دیگر مقررین نے بھی فیٹل اور نان فیٹل ایکسیڈنٹ کی وجوہات سٹاف کی کمی ،میعاری میٹریل کا نہ ملنا، ٹرانسپورٹ کا نہ ہونا، میعاری ٹی اینڈ پی نہ ملنا، مہنگائی کے لحاظ سے مراعات کا بروقت نہ ملنا حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔

مقررین نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے ریٹ کو سستا کیا جائے ، بجلی چوری روکنے کے لیے قانونی مدد فراہم کی جائے ۔ محکمہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں ملازمین کی تعد اد میں یارڈسٹک کے مطابق اضافہ کیا جائے ۔ ملازمین کی جان جو سب سے قیمتی ہے اُس کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں