حکومت پاکستان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں انتہائی موثر اقدامات کر رہی ہے ‘شاہ غلام قادر

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے 5 سالہ دور میں آزاد کشمیر اور گلگت و بلتستان میں اسقدر ترقی ہو گی جس کی ماضی میں مثال نہیںملے گی

پیر 29 مئی 2017 14:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں انتہائی موثر اقدامات کر رہی ہے جس پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شُکریہ ادا کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر اور گلگت و بلتستان کے تعمیراتی بجٹ میں خصوصی اضافے سے نہ صرف تعمیراتی اہداف حاصل ہو نگے بلکہ مُسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے 5 سالہ دور میں آزاد کشمیر اور گلگت و بلتستان میں اسقدر ترقی ہو گی جس کی ماضی میں مثال نہیںملے گی۔

تعمیر و ترقی کے لیئے بھرپور اقدامات کیئے جا رہے ہیں جس سے عام آدمی کی مشکلات کے ازالہ میں معاونت ملے گی۔ سپیکر نے مالی سال 2017-18 کے دوران آزاد کشمیر اسمبلی بلڈنگ کے لیئے 50کروڑ، اٹھمقام کیرن بائی پاس روڈ کے لیئے 48 کروڑ 56لاکھ، لیسوا بائی پاس روڈ کے لیئے 55کروڑ 86 لاکھ مختص کرنے پر خصوصی شُکریہ ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ روڈز کی تعمیرنو سے نہ صرف عام آدمی کو سفری مشکلات سے نجات ملے گی بلکہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ میں بھی اضافہ ہو گا۔

عوام سے کیئے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے۔ شاندار ترقی سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ شاہ غلام قادر سپیکر اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے استحکام و ترقی میں وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد نواز شریف کا تاریخی کردار ہے۔ مُلک کو معاشی ترقی دینے ، ایٹمی قوت بنانے، میزائل ٹیکنالوجی کی ترقی اور اب بجلی کی بنیاد ی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیئے ہائیڈل پراجیکٹس کی تکمیل کے لیئے بھرپور کاوشیں اور سی پیک جیسے تاریخی فیصلے کرنے کا اہم رول ادا کرنے میں میاں محمد نواز شریف کا سنہری کردار ہے جس کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

اُنہوں نے کہا کہ سال 1998 ء میں اگر پاکستان ایٹمی دھماکے نہ کرتا تو بھارت اور عالمی طاقتیں مشرقی پاکستان کی طرز پر مزید سازشیں کرنے میں مصروف تھے۔ ایٹمی دھماکوں سے پاکستان دُنیا کی7ویں بڑی ایٹمی طاقت بن گیا ہے۔ اُنہوںنے وزیر اعظم پاکستان میاںمحمد نواز شریف، سابق ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر سمیت اُن کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان مضبوط دفاعی مُلک بن چُکا ہے۔ بھارت سمیت کوئی بھی مُلک اُس پر یلغار کرنے سے قبل سو بار سوچے گا۔ پاکستان دن بدن ترقی کی منازل طے کر کے دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں