گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 4 نئے کیسز سامنے آگئے،مریضوں کی کل تعداد 198 ہوگئی

اتوار 5 اپریل 2020 20:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2020ء) گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 4 نئے کیسز سامنے آگئے،مریضوں کی کل تعداد 198 ہوگئی‘ 4 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسزز اس وقت 194 ہیں،ان4 نئے متاثرہ مریضوں میں سے 3 کا تعلق ضلع نگر جبکہ ایک کا تعلق گلگت سے ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے اپنی جاری ایک بیان میں کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے اہم فیصلے کئے ہیں، وقت پر لاک ڈاؤن کے فیصلے نے وائرس کو مزید پھیلنے سے روک دیا ہے۔

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہی وزیر اعلی گلگت بلتستان نے 12 نئے طبی ماہرین کی سمری منظور کرلی ہے جس میں سپیشلسٹ و سرجنز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی تعیناتی سے صحت کے شعبے میں مزید استعداد کار بڑھ جائے گا اور انسداد کورونا مہم میں مزید بہتری سامنے آئے گی،یہ موجودہ حکومت کا ایک اہم اور انقلابی اقدام ہے۔صوبائی وزیر شمس میر نے کہا کہ نگر کی موجودہ صورتحال سے حکومت باخبر ہے اور اس حوالے سے بھی وزیر اعلی گلگت بلتستان نے نگر کیلئے خصوصی طور پر ڈاکٹروں کی 3 مختلف ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن کی فوری طور پر تعیناتی عمل میں لائی گئی ہیں اور انہوں نے اپنی طبی سرگرمیاں شروع بھی کردی ہے، انشااللہ اب نگر کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسزز کو مد نظر رکھتے ہوئے نگر کیلئے خصوصی طور پر ایک وینٹی لیٹر بھی بجھوادیا ہے،اسی کے ساتھ ساتھ 30 پیرا میڈیکل سٹاف بھی نگر بجھوا دیئے گئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلتستان میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے بھی حکومت گلگت بلتستان بہترین اسٹریٹیجی کے تحت نگرانی کررہی ہے اور محکمہ صحت بلتستان ڈویژن کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کو اپنے عوام کے ساتھ بہت ہمدردی ہے اور اسی انسانی ہمدردی کے ناطے ایمرجنسی بنیادوں پر تمام ادارے پوری مستعدی کے ساتھ متحرک ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں پر مشتمل ایک بہت بڑی تعداد صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکی ہے باقی ماندہ بھی انشااللہ اپنا دورانیہ مکمل کرکے ڈسچارج ہونگے۔ صوبائی وزیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ جو افراد مختلف ممالک سے سفر کر کے گلگت بلتستان آئے ہیں ان کی نشاندہی کریں تاکہ ان کا فوری طور بھیپر طبی معائنہ ہو اور ان کی بہتر نگہداشت ہو۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں احتیاطی تدابیر اور گھروں میں رہتے ہوئے اس عالمی وبا کو شکست دینگے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں