مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ کرپشن ، لاقانونیت کے آتش فشاں پر بیٹھ کر اسکی شدت میں کمی لانے کی کوشش کررہی ہے ،مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر

پیر 15 جنوری 2018 22:59

"گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور حکومت میں کرپشن ، لاقانونیت ، علاقائیت اور فرقہ واریت سمیت امن و امان کی خراب صورتحال کے آتش فشاں پر بیٹھ کر اسکی شدت میں کمی لانے کی کوشش کررہی ہے اور اس آتش فشاں کو ٹھنڈا کرتے ہوئے حافظ حفیظ الرحمن اور انکی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن گلگت بلتستان کے عوام کے تعاون سے بہت جلد پیپلز پارٹی کا گند بھی صاف ہوگا اور پیپلز پارٹی کی باقیات کا بھی صفایا ہوجائیگا۔

وہ بروز پیر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امجد ، مہدی شاہ ، جمیل اور جاوید حسین پر مشتمل چارکے ٹولے نے گلگت بلتستا ن کو تباہ و برباد کرکے چھوڑ دیا ہے اور اپنی حرکتوں سے باز آنے کی بجائے اب بھی علاقے کا امن اور اداروں کو تباہ کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں، سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے محکمہ تعلیم سمیت تمام سرکاری اداروں کا بیڑہ غرق کر دیا اور ملازمتیں فروخت کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر اطلاات شمس میر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے لاشوں کی سیاست کرتی رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بلوچستان سے لیکر کراچی تک اور کوہستان سے لیکر گلگت شہر اور ہنزہ جیسے پر امن علاقے تک لاشیں گرتی رہیں ،مہدی شاہ اینڈ کمپنی اقتدار کے مزے لوٹتے رہی جسکی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام نے آٹھ جون 2015کو مذہبی ، علاقائی اور لسانی بنیادوں پر گلگت بلتستان کو تقسیم کرنیوالی جماعت کو مسترد بلکہ بلیک لسٹ کر دیا ہے، آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کا نام و نشان مٹ جائے گا، منافقین کا ٹولہ جس نے پاکستان پیپلز پارٹی کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے کا یک نکاتی ایجنڈا یہی ہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے وژن کے مطابق جاری اصلاحاتی ایجنڈے کو ڈی ٹریک کیا جائے لیکن حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت امن و خوشحالی، تعمیر و ترقی اور اصلاحات کے ایجنڈے کو بھر پور طریقے سے لیکر آگے بڑھے گی جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور 2020تک گلگت بلتستان تعمیر و ترقی ، امن و خوشحالی کے حوالے سے پورے ملک کیلئے بہترین مثال بن جائیگا ۔

صوبائی مشیر اطلاعات شمس میر نے کہا کہ امجد حسین ایڈووکیٹ کو ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے کینسر ہسپتال کی تعمیر، امراض قلب ہسپتال اور سیوریج نظام پر کام کا آغاز آتش فشاں لگ رہا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ جگلوٹ سکردو روڈ سمیت تمام بڑے ترقیاتی منصوبے گلگت بلتستان کے عوام کیلئے ایک نعمت سے کم نہیں ہیں جبکہ پیپلز پارٹی ان منصوبوں سے اس قدر خوفزہ نظر آرہی ہے کہ حوش و حواس کھو بیٹھے ہیں اور آتش فشاں اور بارود کی باتیں کرنے لگے ہیں ۔

شمس میر نے کہا کہ چند سال بعد جب پاکستان پیپلز پارٹی ووٹ مانگنے عوام میں جائیگی تو انکے کھاتے میں کرپشن ، لاقانونیت ، منافقت ، لوٹ مار ، جھوٹ اور مذہبی منافرت کے سوا کچھ نہیں ہوگا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن اپنی بہترین کارکردگی جس میں امن و امان کا قیام ، قانون و آئین کی عملداری ، تعمیر و ترقی شامل ہے کی بنیاد پر گلگت بلتستان کے عوام کے سامنے سرخرو ہوگی اور گلگت بلتستان کے عوام بھی احسان کے بدلے احسان کے اصول کے تحت پاکستان مسلم لیگ ن کو بھی مایوس نہیں کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ ، بلتستان یونیورسٹی ، چھومک پل ، گلگت میں سیوریج منصوبے پر کام کے آغاز ، ائیر مکس ایل پی جی پلانٹ ، کینسر ہسپتال ، کارڈیک سنٹر ، ہینزل پاور پراجیکٹ سمیت کھربوں مالیت کے دیگر منصوبے جو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کا باعث بنیں گے مسلم لیگ ن کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ غیر مستقل ملازمین کے دھرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شمس میر نے کہا کہ کابینہ نے پالیسی کی منظوری دی ہے اور کابینہ کی پالیسی پر مکمل عمل درآمد ہوگا جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

انہوں نے واضح طور پر بتایا کہ چند مفاد پرست ان غیر مستقل ملازمین کو ورغلا کر سڑکوں پر لائے ہیں کہ ہزاروں پوسٹوں پر بھرتیاں ہونے جا رہی ہیں حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے ،28محکموں کے ہزاروں غیر مستقل ملازمین کو اس بات کا علم ہونا چاہئے کہ انکے متعلقہ محکمے میں جو بھی پوسٹیں آئینگی متعلقہ محکمہ ایڈورٹائز کرے گا البتہ غیر مستقل ملازمین کو عمر کی بالائی حد میں چھوٹ دی جائیگی اور ٹیسٹ میں اضافی نمبر بھی دئیے جائینگے ، اس سے ہٹ کر صوبائی حکومت دوسرا کوئی فارمولا نہیں لائیگا البتہ گریڈ ون سے پانچ تک اگر کوئی ایسی آسامی خالی ہوئی جو نان ٹیکنیکل ہو تو براہ راست مستقل کیا جا سکتا تھا ۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پارٹی معاملات پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی لیکن اب بھر پور توجہ دی جائیگی اور بلتستان کے عوام کی مسلم لیگ ن سے ناراضگی کا جائزہ لینے اور رپورٹ مرتب کرنے کیلئے عنقریب سکردو کا دورہ کرونگا ۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ایسا ڈیفالٹر جس نے دو بینکوں کو لوٹا ہے اور کسی بھی وقت جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوگا وہ عدم اعتماد لانے کی باتیں کررہا ہے ، مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی سربراہی میں گلگت بلتستان تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں