گلگت بلتستان کے آمدہ انتخابات کے حوالے سے قبل از وقت میڈیا میں دھاندلی کے الزامات لگانا باعث تشویش ہے، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان

ہفتہ 17 اکتوبر 2020 20:03

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2020ء) : چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آمدہ انتخابات کے حوالے سے قبل از وقت میڈیا میں دھاندلی کے الزامات لگانا باعث تشویش ہے اور یہ عمل کسی صورت درست نہیں،انتخابات کیلئے ابھی پورا ایک مہینہ باقی ہے ابھی سے ہی دھاندلی کے الزامات لگانے سے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کا غیر جانبدارانہ انتخابات کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ انتخابات 2020 کا انعقاد ہر صورت صاف،شفاف،آزادانہ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہونگے اور اس سلسلے میں ہم نے گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار تین مرتبہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرایا جس کا تمام پارٹیوں کے سربراہان نے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے اس اقدام کو زبردست الفاظ میں سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ انتخابات 2020 آزادانہ،غیر جانبدارانہ اور صاف و شفاف ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی مشاورت سے ہی ضابطہ اخلاق کو ترتیب دیا جاچکا ہے اور اسی پر عمل پیرا ہونا سب کے وسیع تر مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی امیدوار کو اہل یا نااہل قرار دینا عدالتی معاملہ ہے اور کسی کو بھی عدالتی معاملات میں مداخلت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں،قبل از وقت ایسے بیانات اور الزامات سے صاف و شفاف انتخابی عمل کو سبوتاڑ کرنے کے مترادف ہوگا لہٰذا تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان زمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مہم کیلئے تشکیل کردہ SOPs پر تمام جماعتیں سختی سے عمل پیرا ہوں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں