قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلرکا نگرکیمپس کے قیام کے لیے سائٹ کا دورہ

ہفتہ 21 مئی 2022 23:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2022ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاہے کہ طلبا جدید تعلیم وتحقیق کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق اور اسلامی اقدار کو بھی ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے میں مفید شہری کے طور پر زندگی گزاریں۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے ہنزہ کیمپس میں منعقدہ تعلیم اور اخلاقی اقدار کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کی تعلیم،تربیت اور اخلاقی کردار،پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار اور علم کی افادیت اور انسانی تخلیق اور علم کا رشتہ سے متعلق گفتگو بھی کی۔وائس چانسلر نے سیمینار کے بعد ہنزہ کیمپس کی مستقبل کے بارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یونیورسٹی پی سی ون کے مطابق 30جون تک تعمیراتی ودیگر حوالوں سے ہونے والے کاموں کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیاگیااور کیمپس کو پائیدار انداز میں آگے لے جانے کے لیے بہترین منصوبہ بندی کے بارے میں گفتگوکی گئی۔

اس سے قبل وائس چانسلر نے یونیورسٹی وفد کے ہمراہ حلقہ نمبر چار کے اسمبلی ممبر محمد ایوب وزیر ی کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کی۔میٹنگ میں نگر کیمپس کے بارے میں مختلف تجاویز پر غوروخوص کیاگیا۔اور وفد نے نگرکیمپس کی قیام کے لیے فیزیبلٹی سے متعلق سائٹ کا دورہ بھی کیا۔وائس چانسلر نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ نگر سمیت گلگت بلتستان میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق بلخصوص طالبات کے لیے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کرینگے۔وائس چانسلر نے حلقہ نمبر چار کے اسمبلی ممبر محمد ایوب وزیری سے اعلیٰ تعلیم وتحقیق سمیت نگر کیمپس کے قیام کے لیے تعاون فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں