وزیراعلی گلگت بلتستان کا بشام میں دہشت گرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس

منگل 26 مارچ 2024 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ بشام میں چینی انجینئرز اور مزدوروں کی بس کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا جس سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع ہوا ہے۔انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی ترقی اور امن کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔

(جاری ہے)

بس حادثے میں پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں کام کرنے والے چائینز کو نشانہ بنایا گیا جس سے 5 چینی انجینئرز اور مزدور جاں بحق ہوئے۔ حکومت گلگت بلتستان چینی حکومت اور چینی عوام سے اس سانحے پر ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ مٹھی بھر دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے اور پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں