سیاسی، فوجی اور اقتصادی محاذوں پر اسلامی ممالک کی مشترکہ حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے

وزیراعظم بلاتاخیر اوآئی سی سربراہی اجلاس کیلئے مسلم ممالک سے رابطہ کریں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو اہم ممالک کی فوجی قیادت سے رابطوں کا ٹاسک دیا جائے۔ نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 14 جون 2025 21:13

سیاسی، فوجی اور اقتصادی محاذوں پر اسلامی ممالک کی مشترکہ حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 14 جون 2025ء ) مِلی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیلی صیہونی جنگی جرائم کی ناجائز ریاست نے پوری دنیا پر جنگ مسلط کردی ہے، بے لگام اسرائیل امریکی سرپرستی اور اس کی مکمل تائید و اعانت کے ساتھ عالمِ اسلام پر حملہ آور ہوگیا ہے، عالمِ اسلام حقیقی خطرات میں گِھر گیا ہے، عالمِ اسلام کی قیادت کو خوابِ غفلت، مجرمانہ بزدلی اور اختلافات کے غلافوں سے باہر آنا ہوگا، عالمِ اسلام کے اتحاد اور اس کے ایمان، آزادی، عزت و وقار کے تحفظ کے لیے جارح، بدمست، اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ ناگزیر ہوگیا ہے، اب یہ امر بالکل عیاں ہے کہ اسرائیل کا ناجائز وجود عالمی امن کے لیے مستقل خطرہ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین حافظ نعیم الرحمن، علامہ سیّد ساجد علی نقوی، سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری، پیر سید ہارون گیلانی، علامہ زاہد قاسمی، علامہ عارف حسین واحدی، سید ناصر عباس شیرازی، ڈاکٹر عطا الرحمن، مخدوم ندیم ہاشمی، حافظ عبدالغفار روپڑی، علامہ سید ضیاء اللہ بخاری، ڈاکٹر علی عباس نقوی، مولانا اللہ وسایا، ڈاکٹر صابر ابومریم، ڈاکٹر ضمیر اختر خان، علامہ شبیر میثمی، پیر سید صفدر گیلانی، قاری یعقوب شیخ، مفتی گلزار نعیمی اور محمد عبداللہ گل نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام ایران کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں. اسلامی جمہوریہ ایران پر حملہ پاکستانی عوام اپنے وجود پر حملہ تصور کرتے ہیں. ایرانی فوجی قیادت اور اہم ترین شخصیات کی شہادتیں بڑے غم اور دکھ کا باعث ہیں لیکن شہداء کا خون اسرائیلیت اور صیہونیت کی بربادی کا ذریعہ بنیں گے. صیہونیت بیلگام ہوگئی ہے. ظلم، تباہی، انسان کُشی اور آزاد ممالک کی آزادی پر حملہ کے ناقابلِ معافی جرائم کو روکنا ہوگا. امریکا کی اسرائیل کے لیے ناجائز ہمدردیاں اور ناجائز حمایت اب ڈھکی چھپی بات نہیں۔

اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کرکے امریکہ دنیا میں تنہا ہورہا ہے اور پوری دنیا میں امریکہ کے خلاف نفرتیں بڑھنے کا سبب اسرائیل ہے. عالمِ اسلام کی قیادت بزدلی اور بے عملی کا شکار رہی تو تباہی سب کا مقدر بنے گی، عالمِ اسلام کی مشترکہ حکمتِ عملی ہی اسرائیل کے ناجائز وجود کو ختم کرسکتی ہے۔ پاکستان کی قیادت کے لیے یہ امر بڑا پیغام ہے کہ جنگی مجرم نیتن یاہو نے بھارتی فاشسٹ دہشت گرد نریندر مودی سے ایران پر حملے کے بعد رابطہ کیا اور آشیرباد حاصل کی۔

ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی قیادت نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف بلاتاخیر او آئی سی سربراہی اجلاس کے انعقاد کے لیے مسلم ممالک کے سربراہان سے رابطہ کریں۔ سعودی عرب میں اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس مِلتِ اسلامیہ میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کرے گی۔ ملی یکجہتی کونسل کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ فیلڈ مارشل، آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر کو عالمِ کے اہم ممالک کی افواج کے سربراہان سے رابطوں کا ٹاسک دیا جائے، عالمِ اسلام کے لیے سیاسی، فوجی اور اقتصادی محاذوں پر مشترکہ حکمتِ عملی وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں