سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کا افتتاح کر دیا

پیر 19 فروری 2024 21:53

سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  نے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کا افتتاح کر دیا
گوجرخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2024ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کا افتتاح کر دیا ۔ پیر کو افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار میں یونیورسٹی کیمپس کے آغاز کا دن میرے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے ، اس دن تک پہنچنے کے لئے ہم نے کئی سال محنت کی، پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے عوام کے لئے میری اولین ترجیح ہے، خطہ پوٹھوہار کو جدید، اعلیٰ اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو میں اپنا نصب العین سمجھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ باؤلی کے مقام پر 800 کنال اراضی پر پوٹھوہار کیمپس کی تعمیر کی جائے گی،اس زمین کے حصول کے لئے ہم نے دن رات ایک کیا،کیمپس کی تعمیر کے لئے چار ارب روپے کی رقم کا بجٹ منظور ہو چکا ہے،علاقے کے نوجوان طلباء وطالبات کو گھر کی دہلیز پر اعلیٰ اور معیاری تعلیم کا حصول ممکن ہو گا،گوجر خان کے عوام کی دعاؤں سے میں سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوا۔

(جاری ہے)

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ لوگوں کے لئے بچوں اور بالخصوص بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے دور بھیجنا کافی مشکل ہوتا ہے،پوٹھوہار کیمپس کے قیام سے یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اہلیانِ گوجر خان کی نوجوان نسل کے لئے یہ ہدف حاصل کرنا بہت ضروری تھا ، ہمارے بچےمنفی سوچ سے بچیں تاکہ کامیابی حاصل کر سکیں،پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس لانے کا مقصد یہ تھا کہ یہ ہمارے ملک کا بہت پرانا تعلیمی ادارہ ہے جو عوام کیلئے تبدیلی لائے گا، ہمیں ابتدائی تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار کیمپس کو ہم گوجر خان کی خوبصورت ترین یونیورسٹی بنائیں گے، میری خواہش ہے کہ یہاں ایسے مضامین پڑھائے جائیں جس سے عوام کا فائدہ ہو،جس جس نے اس مقدس فریضہ کی تکمیل کے لئے ساتھ دیا میں ان کا مشکور ہوں۔

گوجر خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں