پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں درس و تدریس کا آغاز میرے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

پیر 19 فروری 2024 19:40

گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2024ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں درس و تدریس کا آغاز میرے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے، یہاں تک پہنچنے کے لئے ہماری کئی سالوں کی محنت شامل ہے،پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کا قیام میری اولین ترجیح تھی اس ادارے کے قیام کا خواب میں نے محترمہ بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں دیکھا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوجر خان میں یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں کلاسز کے اجراء کے موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کو جدید، اعلیٰ اور میعاری تعلیم کی فراہمی کو میں اپنا نصب العین سمجھتا ہوں،باؤلی کے مقام پر 800 کنال اراضی پر پوٹھوہار کیمپس کی تعمیر کی جائے گی،اس زمین کے حصول کے لئے ہم نے دن رات ایک کیا،کیمپس کی تعمیر کے لئے 4ارب روپے کی رقم کا بجٹ منظور ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علاقہ کے نوجوان طلباء وطالبات کو گھر کی دہلیز پر اعلیٰ اور میعاری تعلیم کا حصول ممکن ہو گا،گوجر خان کے عوام کی دعاؤں سے میں سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوا،لوگوں کے بچوں اور بالخصوص بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے گھر سے دور بھیجنا کافی مشکل ہوتا ہے،پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کے قیام سے یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو گا،اہلیانِ گوجر خان کی نوجوان نسل کے لئے یہ ہدف حاصل کرنا بہت ضروری تھا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے موجود دور میں معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے منفی سوچ سے بچ کر مثبت سوچ کو اپناتے ہوئے کامیابی کی راہ پر گامزن ہونے کی تاکید کی ۔پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس لانے کا مقصد یہ تھا کہ یہ ہمارے ملک کا بہت پرانا تعلیمی ادارہ ہے،یہ ادارہ یہاں کے عوام کیلئے تبدیلی لائے گا،ہمیں ابتدائی تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا،پوٹھوہار کیمپس کو گوجر خان کی خوبصورت ترین یونیورسٹی بنائیں گے،میری خواہش ہے کہ یہاں ایسے مضامین پڑھائے جائیں جس سے عوام کا فائدہ ہو،اس یونیورسٹی کے قیام کے لئے جس نے اس عظیم فریضے کی تکمیل کے لئے ساتھ دیا میں ان کا ہمیشہ مشکور رہوں گا۔

چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے خطہ پوٹھوہار کا حقیقی نمائندہ ہونے کا ثبوت دیا، پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے قیام کیلئے راجہ پرویز اشرف کی بے مثال خدمات لائق تحسین ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس ایک شاندار ادارہ بن کر ابھرے گا۔تقریب کے اختتام پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے قیام میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والے اعلیٰ حکام کو اعزازی شیلڈز سے نوازا۔

گوجر خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں