نوجوان نسل کو زیورتعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا‘ محمد نواز چوہان

منگل 21 فروری 2017 21:45

گوجرانوالہ۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ و رکن صوبائی اسمبلی محمد نواز چوہان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کئے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا‘ موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے ان شعبوں میں آگے بڑھنے کیلئے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو معیار تعلیم پر توجہ دینی ہوگی، یہ امر خوش آئند ہے کہ نجی تعلیمی ادارے معاشرے میں تعلیم کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں جن کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

یہ بات انہوں نے دی سٹی بیسٹ سکول /کامرس کالج نوشہرہ روڈ کیمپس گوجرانوالہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انفارمیشن گوجرانوالہ ڈویژن جاوید یونس، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد اقبال کلویا، سینئر جرنلسٹ عبدالقیوم ملک، ڈی آئی او انفارمیشن گوجرانوالہ منور حسین، میڈیکل سوشل آفیسر ڈی ایچ کیو گوجرونالہ عدنان ریاض بٹ ، ڈاکٹر سلمان ، چیف ایگزیکٹیو دی سٹی بیسٹ سکول سید مطلوب حسین، پرنسپل سید مقصود حسین ،وائس پرنسپل مس ثنا ء اقبال اور حنا ملک کے علاوہ بچوں کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ایم پی اے حاجی محمد نواز چوہان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے انقلابی اصلاحات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہونہار طالب علموں کیلئے اربوں روپے کی وظائف کا اجراء، لیپ ٹاپ کی میرٹ پر تقسیم، ایجوکیٹرز کی میرٹ پر بھرتی ، سکولوں میں آئی لیب کا قیام اور دانش سکولز کا اجراء حکومت کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے کوجہالت کے اندھیروں سے نکالنے کیلئے علم کی شمع روشن کرنا ہوگی بالخصوص والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ عملی زندگی میں کامیاب ہونے کے علاوہ ایک اچھے اور مفید پاکستانی شہری بھی ثابت ہوں اور ملک کی بھاگ ڈور سنبھال سکیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر جرنلسٹ عبدالقیوم ملک نے کہاکہ انسان کی پہلی درسگا ہ ماں کی گود ہے ۔

ڈائریکٹر انفارمیشن گوجرانوالہ ڈویژن جاوید یونس ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد اقبال کلویا، ڈی آئی او گوجرانوالہ منور حسین ، ڈاکٹر سلمان اور میڈیکل سوشل آفیسر عدنان ریاض بٹ نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے جبکہ ایم پی اے حاجی محمد نواز چوہان نے ادارے کے اساتذہ میں بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز تقسیم کیے۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغموں پر رنگا رنگ ٹیبلو ز پیش کئے اور وطن سے محبت و عقیدت کا والہانہ اظہار کیا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں