سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز کو کارکردگی کی بنیاد پر 50 ہزار سے 3لاکھ روپے تک کا انعام دیا جائے گا ‘ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ

ہفتہ 25 فروری 2017 21:55

گوجرانوالہ۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے کہا ہے کہ فرائض کی ادائیگی اورعوام کی خدمت کرنے والے سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز کو کارکردگی کی بنیاد پر 50ہزار سے 3لاکھ روپے تک کا انعام دیا جائے گا ‘وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بنائی گئی ڈسٹرکٹ انسنٹیو ریوارڈ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مریضوں کوبہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹرز ہی حقیقی معنوں میں عوام کے مسیحا ہیں ۔

فرائض کی عدم ادائیگی پر جہاں سزا دی جاتی ہے وہاں اب بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز کو حکومتی ہدایت پر 50ہزار سے 3لاکھ روپے تک کا نقد انعام بھی دیا جائے گا تا کہ اچھا کا م کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو اور انہیں دیکھ کردوسروں کو بھی ترغیب ملے ، ایم این اے محمود بشیر ورک نے کہا کہ موجودہ وفاقی وصوبائی حکومت عوام کوصحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ، ماہانہ بنیادوں پر بہتر کارکردگی کے حامل ڈاکٹرز کو انعام دینا بھی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ کمیٹی ممبران خود بھی ہسپتالوں کے دورے کریں گے اور صحت کی سہولیات اور ڈاکٹرز کی حاضری سمیت مریضوں سے دستیاب سہولیات بارے دریافت کریں گے ،ڈسٹرکٹ انسنٹیو ریوارڈ کمیٹی نے نومبر اور دسمبر 2016کی 15،15ڈاکٹرز پر مشتمل فہرستیںجو کہ میرٹ پر کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تیار کی گئی تھیں کی منظوری دے دی ہے ۔ کمیٹی کی سفارشات انعام کے لیے محکمہ صحت پنجاب کو ارسال کی جائیگی جہاں ڈویژنل اور صوبائی سطح پر اسی طرح مقابلہ کے بعد کارکردگی کی بنیاد پر 50ہزار سے 3لاکھ تک کا وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے انعام دیا جائے گا ۔

ضلعی انسنٹیوریوارڈکمیٹی نے چند سفارشات بھی مرتب کرتے ہوئے حکومت کو ارسال کرنے پر اتفاق کیا تا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے ہر کٹیگری کے ڈاکٹرز کو انعام دیا جا سکے اور اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آئندہ ہر کیٹگری کے تین ٹاپرڈاکٹرز کے نام شارٹ لسٹ کرکے کمیٹی کو دیئے جائیں ۔ ہر ماہ 15ڈاکٹرز انعام کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیے جائیں گے جنکی فہرست صوبائی محکمہ صحت کو بھیجی جائے گی ،اجلاس میں ایم پی اے نواز چوہان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق قریشی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سعید اللہ خاں، ڈی ایچ او ڈاکٹر اجمل ، ڈی ایچ او ڈاکٹر فرید ، زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنرز ، کمیٹی ممبرز اوردیگر افسران شریک تھے ۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں