گجرات ،ْتوہین مذہب کا الزام، بیرون ملک مقیم پاکستانی کے خلاف مقدمہ درج

منگل 13 نومبر 2018 15:58

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2018ء) گجرات میں پولیس نے پاکستان چھوڑ کر جرمنی میں مقیم ہونے والے شخص کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کی جانب سے ملزم کے خلاف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔گاؤں کتھالہ چناب کے رہائشی عمران رفیق کی جانب سے گجرات کے صدر تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ ملزم نے توہین مذہب کیا ہے۔

واضح رہے کہ ملزم گاؤں کا رہائشی تھا اور وہ کئی سال قبل جرمنی میں مقیم ہوگیا تھا۔پولیس کو درج کرائے گئے مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ ملزم نے 11 نومبر کو اپنی ’گستاخانہ‘ ویڈیو ایک ویب ٹیلی ویژن پر چلائی جبکہ یہ ویڈیو یوٹیوب اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

شکایت کنندہ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ ملزم کو جرمنی سے واپس لایا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کے اہل خانہ اور ہر اس شخص کے خلاف کارروائی کی جائے جو اس طرح کی گستاخانہ گفتگو میں اس کے ساتھ تھا۔مطالبہ کیا گیا کہ ویڈیو آن ایئر کرنے والے ویب ٹی وی چینل کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔علاوہ ازیں پولیس نے دفعہ 295 سی کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

متعلقہ عنوان :

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں