ڈپٹی کمشنر آفس ہری پور میں خسرہ سے بچائو کی مہم کا آغاز

منگل 16 اکتوبر 2018 12:09

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) خسرہ سے بچائو کی 12 روزہ مہم کے آغاز کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس میں بچوں کو خسرہ سے بچائو کے انجکشن لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ہری پور زائد پرویز وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر عدنان جمیل، ڈی ایچ او ڈاکٹر مشتاق تنولی، ڈاکٹر رافع ظفر، ڈاکٹر اسد، ڈاکٹر عمران، یونیسف سے ڈاکٹر جنید اور ڈبلیو ایچ او سے مس رابعہ، محکمہ تعلیم سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رفیہ جدون سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

15 تا 26 اکتوبر تک 12 روز جاری رہنے والی اس مہم کے آغاز کے بعد ڈپٹی کمشنر ہری پور زاہد پرویز وڑائچ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہری پورمیں 9 ماہ سے 5 سال کے ایک لاکھ 59 ہزار 903 بچوں کو خسرہ سے بچائو کی ویکسی نیشن کی جائے گی جس کیلئے محکمہ صحت کی 216 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جن میں 136 آئوٹ ریچ، 66 فکسڈ اور 14 موبائل ٹیمیں شامل ہوں گی، ہر ٹیم میں ایک سکلڈ پرسن ہو گا، ویکسی نیشن کے حوالہ سے موبلائزیشن بھی ہو گی اور دو سطح پر مانیٹرنگ بھی کی جائے گی، زیادہ سے زیادہ بچوں کی رسائی یقینی بنانے کیلئے مقامی سطح پر قائم سنٹرز میں بچوں کو انجکشن لگائے جائیں گے اور بچوں کو گھروں سے لانے کیلئے 274 خواتین موبلائزر بھی کام کریں گی جنہیں پتہ ہو گاکہ کس گھر میں ویکسی نیشن کی عمر کے بچے موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے میڈیا کا بہت اہم کردار ہے، میڈیا اس پیغام کو گھر گھر تک پہنچائے کہ خسرہ کی ویکسی نیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اس حوالہ سے تمام باتیں پراپیگنڈہ ہیں، لوگوں کو چاہئے کہ وہ خسرہ سے بچائو کیلئے اپنے 9 ماہ تا 5 سال کے اپنے بچوں کو لازمی خسرہ کا انجکشن لگوائیں۔ ڈی ایچ او نے بتایا کہ 12 روزہ مہم کے دوران محروم رہ جانے والے بچوں کو بھی 26 اکتوبر کے بعد چار دن تک ویکسی نیشن کا کام جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں