ہری پور،ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ لینڈ یوز پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 28 مارچ 2024 15:53

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) صوبائی حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ہری پور خان محمد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ لینڈ یوز پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کمیٹی ہری پور کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اور (فنانس اینڈ پلاننگ)، اسسٹنٹ کمشنرز، سب نیشنل گورننس ایس این جی پروگرام کے نمائندے، ٹی ایم اوز اور متعلقہ ضلعی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) حمیرا محمود نے شرکاء کو ایکٹ پر بریفنگ دی۔اجلاس کو ضلع ہری پور میں گذشتہ ماہ کے دوران لینڈ یوز کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پرآگاہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور پلاٹنگز کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کی سرمایہ کاری کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ٹی ایم اوز کو ہدایت کے گئی کہ کچرے کے لیے نئے ڈمپنگ گراؤنڈ آبادی سے دور بنائے جائیں۔ اور نئی جگہ کا انتخاب ای پی اے کی منظوری سے مشروط ہو۔مزید یہ کہ بغیر نقشہ منظوری ہر قسم کی تعمیرات کے خلاف بمطابق لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ایکٹ 2021 کے مروجہ قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔خیبر پختونخوا لینڈ یوز اور بلڈنگ کنٹرول ایکٹ 2021، ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام، صنعتی یونٹ، پلاٹنگز اور نقشوں کی منظوری جیسے موضوعات پر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں