ہری پور، ضلعی نظامت کھیل کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس میں فی میل سپورٹس گالا کا اہتمام

بدھ 17 اپریل 2019 13:56

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) ضلعی نظامت کھیل کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس ہری پور میں ایک روزہ فی میل سپورٹس گالا کا اہتمام کیا گیا۔ سپورٹس گالا میں مجموعی طور پر 8 کھیلوں کے مقابلے ہوئے جن میں کرکٹ، والی بال، رسی کشی، بیڈ منٹن، نیٹ بال، رائونڈر، اتھلیٹکس اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں۔ سپورٹس گالا میں ضلع بھر سے درجن سے زائد سرکاری اور نجی اداروں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ضلع ناظم اختر نواز خان تھے۔ سپورٹس گالا کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں پی ٹی اور ایم ٹی کی ٹیموں نے اپنے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کر کے شائقین کے دل موہ لئے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ہری پور زاہد پرویز وڑائچ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر احمد زمان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عاصم عباسی، اسسٹنٹ کمشنر خانپور، ممبر ضلع کونسل آصف علی جاہ، ماہر تعلیم سردار تیمور، پنجاب کالج، ہزارہ پبلک سکول، سرسید پبلک سکول، حرمین پبلک سکول، پیس کالج اور سرکاری سکولوں و کالجوں کے سربراہاں بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم اختر نواز خان نے پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نصابی تعلیم کے علاوہ فی میل کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کھیلوں اور تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، صحت مندانہ سرگرمیوں سے طالبات کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع میسر آتے ہیں، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت کی خدمات کھیلوں اور کھلاڑیوں کیلئے ہر وقت دستیاب ہیں۔ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی زاہد پریز وڑائچ نے پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات اور آرگنائزر میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے دن رات کام کرنے پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ہری پور خراج تحسین کا مستحق ہے، ہری پور کے عوام کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، کھیلوں کے نتائج کے مطابق کرکٹ میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پھرہالہ کی ٹیم فاتح جبکہ سرسید سکول کی ٹیم رنر رہی، رسہ کشی کے فائنل رائونڈ میں پیس کالج کی ٹیم نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سرائے صالح کی ٹیم کو شکست دی۔

والی بال کے فائنل میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سرائے صالح فاتح رہی، ٹیبل ٹینس میں گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول نوردی نے اول پوزیشن حاصل کی۔ بیڈمنٹن میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر دو ونر جبکہ پیس کالج کی ٹیم رنر رہی۔ نیٹ بال میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر دو ہری پور ونر اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوٹ نجیب اللہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ 400 میٹر دوڑ میں سعدیہ اول، رمشہ دوئم اور الشبہ نے سوئم پوزیشن حاصل کی۔ جیویلن تھرو مقابلوں میں شازیہ نے پہلی، صبیحہ نے دوسری اور خدیجہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ 100 میٹر ریس کے مقابلوں میں مسکان نے اول، مروہ نے دوئم اور صباحت نے سوئم پوزیشن حاصل کی۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں